شاہد اور کرینہ کپور پھر سے رومانس کریں گے؟

ای میل

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اگرچہ ماضی میں ایک دوسرے کے انتہائی قریب رہنے والے شاہد کپور اور کرینہ کپور نے اپنی اپنی ازدواجی زندگی بھی شروع کردی ہے اور دونوں کے ہاں بچے بھی ہوگئے۔

تاہم خبریں ہیں کہ وہ دونوں ایک بار پھر اسکرین پر رومانس کرتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ شاہد کپور اور کرینہ کپور نے نصف درجن سے زائد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جن میں سے ذیادہ تر فلموں میں دونوں ایک دوسرے سے رومانس کرتے نظر آئے۔

آخری بار دونوں 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اڑتا پنجاب‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، تاہم اب خبریں ہیں کہ دونوں ممکنہ طور پر آنے والی رومانٹک فلم میں نظر آئیں گے۔

اگرچہ شاہد کپور ایسی چہ مگوئیوں کو بظاہر مسترد کرچکے ہیں کہ وہ کسی فلم میں کرینہ کپور کے ساتھ رومانس کرتے نظر آئیں گے، تاہم خبریں ہیں کہ وہ آئندہ برس سے اپنی پرانی فلم کے سیکوئل میں نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد اور کرینہ ایک بار پھر ساتھ؟
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اطلاعات ہیں کہ فلم ساز امتیاز علی 2007 میں ریلیز ہونے والی اپنی سپر ہٹ رومانٹک فلم ’جب وی میٹ‘ کا سیکوئل بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کے سیکوئل میں ایک بار پھر شاہد اور کرینہ کپور کو ہی کاسٹ کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

فلمی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد کپور ان دنوں اپنی فلم ’بتی گل میٹر چالو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جو رواں برس ہی ریلیز ہوگی، تاہم اداکار آئندہ سال سے فلم کے سیکوئل پر کام کریں گے۔

تاہم شاہد کپور نے ’جب وی میٹ‘ کے سیکوئل بنائے جانے کی خبروں کو افواہ قرار دیا، اور کہا کہ فلم کے سیکوئل پر کوئی کام نہیں ہو رہا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق شاہد کپور نے ایک گروپ انٹرویو کے دوران ’جب وی میٹ‘ کے سیکوئل بنائے جانے یا اس حوالے سے کام کیے جانے کی خبروں کو مسترد کیا۔

مزید پڑھیں: ’کاش کرینہ کو سیف اور شاہد کے ساتھ لا سکتا’
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فلم پر 2019 میں کام شروع کیا جائے گا، جس میں شاہد اور کرینہ کپور ایک ساتھ رومانس کرتے نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ ’جب وی میٹ‘ کو 2007 میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم نے باکس آفس پر ریکارڈ کمائی کی تھی۔

اب اس فلم کا 12 سال بعد سیکوئل بنائے جانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

خیال رہے کہ شاہد کپور اور کرینہ کپور کے درمیان 4 سال تک افیئر چلتا رہا تھا اور پھر 2007 میں یہ دونوں الگ ہوگئے تھے۔

ان دونوں نے کئی فلموں میں اکھٹے کام کیا جن میں فدا، 36 چائنا ٹاﺅن، ملیں گے ملیں گے، چپکے چپکے اور جب وی میٹ قابل ذکر ہیں جو ہٹ بھی ثابت ہوئی۔