پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بھارتی و عالمی میڈیا کی خبروں میں بھی رہی، اور اس حوالے سے متعدد خبریں شائع ہوئیں۔

متعدد بھارتی نشریاتی اداروں نے عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی پر ایک سے زائد خبریں بھی شائع کیں۔

انڈین ایکسپریس نے اپنی ایک خبر میں لکھا کہ عمران خان نے اپنی ہی روحانی پیشوا سے تیسری شادی کرلی۔

اسی خبر میں لکھا گیا کہ عام انتخابات قریب آنے کی وجہ سے عمران خان پر تیسری شادی کو منظر عام پر لانے کے لیے پارٹی رہنماؤں کی جانب سے دباؤ تھا، جس وجہ سے تیسری شادی کی تفصیلات سامنے لائی گئیں۔

اپنی دوسری خبر میں انڈین ایکسپریس نے عمران خان کی تیسری شادی پر لوگوں کی جانب سے ٹوئٹر پر کیے جانے والے تبصرے شائع کیے۔

ہندوستان ٹائمز نے بھی عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی پر کم سے کم 2 خبریں شائع کیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے تیسری شادی بشریٰ بی بی سے کرلی

ہندوستان ٹائمز نے اپنی خبر میں بتایا کہ 65 سالہ عمران خان نے اپنی روحانی پیشوا 40 سالہ بشریٰ مانیکا سے شادی کرلی، پارٹی رہنماؤں کی جانب سے نکاح کی تصاویر بھی جاری کردی گئیں۔

اپنی دوسری خبر میں اخبار نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ عمران خان اور بشریٰ مانیکا جنہیں ’پنکی پیر‘ بھی کہا جاتا ہے کہ درمیان کچھ سال قبل ملاقات ہوئی۔

اسی خبر میں بشریٰ مانیکا کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ پانچوں بچوں کی ماں بھی ہیں۔

’دی ہندو‘ نے لکھا کہ عمران خان نے بشریٰ مانیکا سے تیسری شادی کرلی، ساتھ ہی خبر میں بتایا گیا کہ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے دباؤ کے بعد ہی پی ٹی آئی چیئرمین کی تیسری شادی کو منظر عام پر لایا گیا، کیوں کہ کچھ رہنما سمجھتے ہیں کہ ان کی تیسری شادی کو خفیہ رکھنے کی وجہ سے ہی پنجاب کے شہر ’لودھراں‘ میں انہیں ضمنی انتخابات میں حریف جماعت مسلم لیگ (ن) سے شکست کھانی پڑی۔

نیوز 18 نے اپنی خبر میں بتایا کہ کرکٹ سے سیاست میں آنے والے عمران خان نے سادگی سے تیسری شادی کرلی، ان کی شادی میں ان کی بہنوں اور خاندان کے دیگر افراد کو مدعو نہیں کیا گیا۔

خبر میں بتایا گیا کہ عمران خان نے اپنی تیسری شادی کے حوالے سے اپنی بہنوں کو اعتماد میں نہیں لیا۔

مزید پڑھیں: ’نوجوانوں کو عمران خان سے سیکھنا چاہئیے‘

ٹائمز آف انڈیا نے بھی ان کی تیسری شادی کی خبر دیتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ سے سیاست میں آںے والے عمران خان نے تیسری بار اپنی روحانی پیشوا سے شادی کرلی۔

خبر میں بتایا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ مانیکا کے نکاح کی تقریب سادگی سے منعقد کی گئی، جس میں دلہن کی والدہ سمیت اہم پارٹی رہنما شامل ہوئے، جب کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی بہنیں تک تقریب میں شامل نہ ہوئیں۔

اسی طرح ’این ڈی ٹی وی‘، ’ڈی این اے انڈیا‘، ’انڈیا ٹو ڈے‘ اور ’دکن کیرونیکل‘ نے بھی عمران خان کی تیسری شادی کے حوالے سے خبریں شائع کیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی کی تصدیق کیے جانے کے ساتھ ہی ان کے نکاح کی تصاویر جاری کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے نکاح کے بعد دعوت ولیمہ کی تیاریاں

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا اپنے چیئرمین کی تیسری شادی کے حوالے سے ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ نکاح کی تقریب کا اہتمام چیئرمین تحریک انصاف کے برادر نسبتی احمد وٹو کی رہائش گاہ میں کیا گیا۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا اور نکاح کی سادہ تقریب اتوار کو لاہور میں ہوئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے نکاح کے موقع پر عمران خان کی جانب سے عون چوہدری اور ذوالفی بخاری گواہان میں شامل تھے جبکہ عمران خان کے قریبی رشتہ داروں کی جانب سے کوئی شامل نہیں ہوا۔

علاوہ ازیں پارٹی کی جانب سے آج بتایا گیا کہ عمران خان کے ولیمے کی تیاریاں جاری ہیں، جو جلد ہی عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا پر منعقد کیا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Sahil Feb 20, 2018 07:13pm
He married, she married, with their own consent. No one has any right to comment anything against it.