ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینیئرشپ کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں بہادر آباد گروپ کے کنوینیئر خالد مقبول صدیقی کی درخواست پر سماعت کے دوران فاروق ستار کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کرلی۔

ایم کیو ایم پاکستان کی کنونینیئرشپ کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں خالد مقبول صدیقی کی درخواست پر سماعت کے دوران ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے خالد مقبول صدیقی، عبدالرؤف صدیقی، عامر خان اور بیرسٹر فروغ نسیم الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے کامران ٹیسوری، شیخ صلاح الدین، ایس اقبال قادری اور فاروق ستار کے وکیل بابر ستار الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم العالمی سے ایم کیو ایم الزمینی

فاروق ستار کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے جواب جمع کرانے کے لیے وقت مانگا جس پر بہادر آباد گروپ کے وکیل فروغ نسیم نے کہا کہ تین مارچ کو سینیٹ انتخابات ہونے کی وجہ سے کیس کو جلد نمٹایا جانا چاہیے۔

فاروق ستار کے وکیل بابر ستار نے کہا کہ فروغ نسیم دلائل دینا شروع ہو گئے ہیں جبکہ ہمیں جواب کے لیے وقت چاہیے۔

فروغ نسیم نے کہا کہ فاروق ستار نے نام نہاد انٹراپارٹی انتخابات کرائے ہیں، ہماری درخواست ہے کہ فاروق ستار ہمیں آج ہی جواب کی کاپی مہیا کر دیں۔

الیکشن کمیشن نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد فاروق ستار کو جواب جمع کرانے کے لیے آئندہ سماعت تک کی مہلت دے دی۔

بعد ازاں فاروق ستار کے خلاف کیس کی سماعت یکم مارچ تک ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کی قیادت کا کوئی ارادہ نہیں، پرویز مشرف

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے کنوینر خالد مقبول نے کہا کہ الیکشن کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا ہم اسے تسلیم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھائیوں کے درمیان چھوٹے چھوٹے مسائل ہوتے رہتے ہیں اور ہم ان مسائل کو مل کر حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

فروغ نسیم نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دس روز پہلے فاروق ستار کو نوٹس ہو چکا تھا، آج ان کے وکیل نے تاخیری حربہ استعمال کرنا چاہا ہے۔

ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے کنوینیئر فاروق ستار کے وکیل بابر ستار نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے گروپ کی جانب سے دو تہائی اکثریت کی بات غلط ہے، ہم یکم مارچ کو تفصیلی جواب دیں گے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ کارکنان اور رہنماؤں کو فاروق ستار کی جانب سے یہی ہدایت ہے کہ تقسیم نہیں ہوں جبکہ دوسری جانب کے گروپ سے بھی ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینئیر بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔

عبدالوسیم کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے کوشش ہے کہ تمام لوگ ایم کیو ایم کے ایک جھنڈے تلے موجود ہوں۔

فاروق ستار پریس کانفرنس

علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پی آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ میں ایک نہیں کئی سربراہ ہیں اور وہاں خالد مقبول صدیقی کی بھی کوئی نہیں سنتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم پاکستان میں اختلافات ختم نہ ہوئے تو الیکشن میں منہ کی کھانی پڑے گی۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کے سابق رہنما کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ پارٹی تقسیم نہیں کرنا چاہتے اور پارٹی کو بچانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔

پی آئی بی گروپ کے کنوینیئر نے بتایا کہ اختلافات میں پہل دوسری جانب سے کی گئی تھی، انہیں احساس ہوجائے گا اور وہ واپس آجائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں