اطلاعات ہیں کہ ایک بار پھر بولی وڈ بار بی ڈول کترینہ کیف آنے والی رومانٹک ڈانس فلم میں ایک پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کریں گی۔

ساتھ ہی اس فلم میں سلمان خان کو نہ صرف شادی شدہ بلکہ ایک جواں سالہ بیٹی کا باپ بھی بنایا جائے گا۔

اس فلم کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں ورون دھون اور جیکولین فرنانڈس بھی جلوے بکھیرتے نظر آئیں گے۔

تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ فلم میں سلمان خان کی بیوی کون بنے گی اور ان کی 13 سالہ بیٹی کا کردار کون ادا کرے گا؟

ڈی سی انٹرٹینمنٹ نے 3 دن قبل ٹوئیٹ کی تھی کہ وہ جلد ہی بڑے اداکاروں کے ساتھ اہم منصوبے کا اعلان کرنے والے ہیں۔

ٹوئیٹ میں بتایا گیا تھا کہ کمپنی ڈانس فیچرنگ فلم بنانے جا رہی ہے، جس کی ہدایات ریمو ڈی سوزا دیں گے اور اسے 8 نومبر 2019 کو ریلیز کیا جائے گا۔

بتایا گیا تھا کہ فلم کی کاسٹ کا اعلان 19 مارچ کو کردیا جائے گا۔

تاہم دکن کیرونیکل نے ایک اور نشریاتی ادارہ کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی خبر میں بتایا کہ ڈی سی انٹرٹینمنٹ کے بینتر تلے ’اینی باڈی کین ڈانس‘ یعنی ’اے بی سی ڈی 3‘ میں سلمان خان، کترینہ کیف، ورون دھون اور جیکولین فرنانڈس ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان اور کترینہ کیف آج کل کیا کر رہے ہیں؟

خبر کے مطابق فلم میں سلمان خان ایک 13 سالہ بیٹی کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جن کی بیٹی کو ڈانس سے بے پناہ محبت ہوتی ہے۔

—فوٹو: بولی وڈ منترا
—فوٹو: بولی وڈ منترا

اگرچہ فلم کی کہانی اسی سیریز کی پہلی 2 فلموں کی طرح ڈانس کے گرد ہی گھومے گی، تاہم اس بار فلم میں تبدیلی کرکے اس میں والد اور بیٹی کے جذبات سے بھرے رشتے کو بھی دکھایا جائے گا۔

یوں سلمان خان پہلی بار ایک جواں سالہ بیٹی کے جذباتی والد کے خصوصی کردار میں نظر آئیں گے۔

—فوٹو: لائیو انڈیا ڈاٹ کام
—فوٹو: لائیو انڈیا ڈاٹ کام

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم میں سلمان خان کی اہلیہ کا کردار کون ادا کرے گا، تاہم کترینہ کیف کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ایک پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کریں گی۔

جیکولین فرنانڈس برطانوی لڑکی کے روپ میں ںظر آئیں گی، تاہم فلم کی حتمی کاسٹ کا اعلان رواں ماہ 19 مارچ کو کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ’اے بی سی ڈی تھری‘ 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اے بی سی ڈی‘ سیریز کی تیسری فلم ہے۔

اس سیریز کی دوسری فلم 2015 میں ’اے بی سی ڈی 2‘ کے نام سے ریلیز کی گئی تھی، جس میں ورون دھون اور شردھا کپور ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

پہلی فلم میں پربھو دیوا، گنیش اچاریہ، کے کے مینن اور لورین گوٹلیب سمیت دیگر اداکاروں نے جلوے بکھیرے تھے۔

سیریز کی پہلی دونوں فلمیں نہ صرف باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب گئیں، بلکہ انہوں نے اچھے تبصرے بھی بٹورے۔

تبصرے (1) بند ہیں

نوید اعوان Mar 07, 2018 04:24pm
بہرحال اس سے یہ تا ثر تو ابہر رہا ہے کہ پاکستان نسوانی حسن میں بھارت سے بہت اگے ہے۔