پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے روز بھی مثبت رجحان دیکھا گیا اور بینچ مارک ‘کے ایس ای 100 انڈیکس’ 207 پوائنٹس اضافے سے 43 ہزار 618 کی سطح پر بند ہوا۔

کاروبار کے آغاز میں مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا تاہم اس کے بعد اس میں مثبت رجحان رہا۔

انڈیکس کی دن کی کم ترین سطح 43 ہزار 354 پوائنٹس اور بلند ترین سطح 43 ہزار 707 پوائنٹس رہی۔

کاروباری حجم میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور 6 ارب 76 کروڑ روپے مالیت کے 15 کروڑ 23 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

مزید پڑھیں: سیمنٹ کی قیمت میں اضافے کے بعد پی ایس ایکس میں مثبت رجحان

الیگزر سیکیورٹیز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 5 سے 7 فیصد اضافے پر غور کرنے کی وجہ سے گیس کے شعبے میں تیزی دیکھنے میں آئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ‘ملک کے شمالی حصے میں سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سیمنٹ کے شعبے بھی بڑی تعداد میں شیئرز کا لین دین ہوا۔’

مجموعی طور پر کیمیکل کے شعبے میں سب سے زیادہ 2 کروڑ 79 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا، جبکہ بینکنگ اور مواصلات کے شعبے بھی بالترتیب ایک کروڑ 72 لاکھ اور ایک کروڑ 34 لاکھ شیئرز کے کاروبار کے ساتھ نمایاں رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں