سوناکشی اور پرینیتی ہاؤس فل 4 کا حصہ نہیں؟

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2018
—فائل فوٹو: بولی وڈ لائف
—فائل فوٹو: بولی وڈ لائف

بولی وڈ کی آنے والی کامیڈین فلم ‘ہاؤس فل 4’ کے مرکزی ہیروز کے نام تو سامنے آگئے، تاہم تاحال فلم کی مرکزی اداکاراؤں کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

2 دن قبل ہی فلم کی ٹیم نے تیسرے مرکزی ہیرو کے لیے بوبی دیول کی تصدیق کی تھی۔

‘ہاؤس فل 4’ کی مرکزی اداکاراؤں کے لیے پرینیتی چوپڑا، دیشا پٹنانی اور کیارہ ایڈوانی کا نام لیا جا رہا تھا، ساتھ ہی سوناکشی سنہا کوبھی کاسٹ کیے جانے کی چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں۔

تاہم اب اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ ‘ہاؤس فل 4’ میں پرینیتی چوپڑا اور سوناکشی سنہا نظر نہیں آئیں گی۔

—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ
—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ

بولی وڈ ہنگامہ نے اپنی خبر میں فلم کے پروڈیوسر ساجد نڈیاڈ والا کے حوالے سے بتایا کہ فلم میں سوناکشی سنہا کو کاسٹ کیے جانے کی خبریں غلط ہیں۔

ساجد نڈیاڈوالا نے ‘ہاؤس فل 4’ میں سوناکشی سنہا کو کاسٹ کرنے اور ان سے اس حوالے سے ہونے والی ملاقاتوں سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اداکارہ سے نہیں ملے۔

ادھر اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے بھی فلم میں اپنی کاسٹ سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

دو دن قبل ہی ڈی این اے انڈیا نے خبر دی تھی کہ پرینیتی چوپڑا نہ صرف ‘ہاؤس فل 4’ میں مرکزی کردار میں نظرآئیں گی بلکہ انہیں فلم کے گانے میں بھی اپنی آواز کا جادو جگانے کی پیش کش کی گئی ہے۔

تاہم اداکارہ نے گزشتہ روز ٹوئیٹ کے ذریعے اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ فلم کے لیے ان سے رابطہ نہیں کیا گیا۔

—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

پرینیتی چوپڑا نے میڈیا کو گزارش کی کہ وہ اس طرح جھوٹی خبریں نہ پھیلائیں۔

علاوہ ازیں فلم کی ٹیم نے تاحال ‘ہاؤس فل 4’ کی مرکزی اداکاراؤں کا اعلان نہیں کیا، جس وجہ سے اداکاراؤں کے حوالے مختلف چہ مگوئیاں جاری ہیں۔

خیال رہے کہ ‘ہاؤس فل’ سیریز کا شمار بھی بولی وڈ کی بلاک بسٹر کامیڈین سیریز میں ہوتا ہے، جس کی اب تک تین فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں، جب کہ اب اس سیریز کی چوتھی فلم بنائے جانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

کامیڈی سیریز کی پہلی فلم ‘ہاؤس فل’ 2010 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں اکشے کمار کے ساتھ رتیش دیش مک اور ارجن رامپال نے کام کیا تھا۔

سیریز کی دوسری فلم 2012 میں ریلیز کی گئی تھی، جس میں اکشے کمار، ارجن رامپال اور رتیش دیش مک ایک ساتھ نظر آئے۔

سیریز کی تیسری فلم 2016 میں ریلیز کی گئی تھی، جس میں ارجن رامپال کی جگہ ابھیشک بچن نے لی تھی، اب اس کی چوتھی فلم رواں برس دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

چوتھی فلم میں ابھیشک بچن کی جگہ بوبی دیول نے لی ہے، جب کہ اکشے کمار اور رتیش دیش مک مسلسل چوتھی بار اس سیریز میں نظر آئیں گے۔

—فوٹو: ٹوئٹر
—فوٹو: ٹوئٹر

تبصرے (0) بند ہیں