ایم کیو ایم کا سینیٹ اپوزیشن لیڈر کیلئے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان

15 مارچ 2018
ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسمٰعیل میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — ڈان نیوز
ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسمٰعیل میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — ڈان نیوز

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے بہادر آباد گروپ نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم بہادر آباد کے رہنماؤں نے میڈیا سے بات کی جس میں پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسمٰعیل نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لئے ایم کیو ایم سے درخواست کی تھی تاہم تحریک انصاف سے اپوزیشن لیڈر کون ہوگا ابھی طے نہیں ہوا جس کا اعلان اگلے روز کیا جائے گا۔

یہ پڑھیں: ایم کیوایم پی آئی بی، بہادر آباد گروپ سینیٹ انتخابات کیلئے متفق

انہوں نے واضح کیا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر تحریک انصاف سے ہی آئے گا اورخواہش ہے ایم کیو ایم آج ہی اپنے جواب سے آگاہ کردے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم بہادر آباد کے رہنما فیصل سبزواری نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی آمد پر اظہارِتشکرکیا اور اعلان کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان سینیٹ میں اپوزیشن نشست کے لیے پی ٹی آئی کی حمایت کرے گی۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرنا نہیں چاہتے کیونکہ انہوں نے پچھلے 10 سال میں دیہی سندھ کو تباہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ چیئرمین کی نشست کیلئے سیاسی حریفوں میں سخت ‘جوڑ توڑ’ متوقع

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن نشست کے لیے شیری رحمٰن کو ووٹ دینا ایم کیو ایم اپنے لیے مناسب نہیں سمجھتی۔

اس حوالے سے فیصل سبزواری نے کہا کہ شیری رحمٰن کی قابلیت اور صلاحیت پر کوئی شک نہیں لیکن پارٹی کے لیے ممکن نہیں پیپلز پارٹی کے نمانئدے کی حمایت کرے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی سے سلیم مانڈوی والا کو ووٹ دینے پر معذرت کی تھی۔

مزید پڑھیں: نیب کو سندھ میں کرپشن پرکارروائی کااختیارنہیں ہوگا، بل منظور

فیصل سبزواری نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں پی پی پی کی نااہل حکومت کی وجہ سے عوام متاثر ہیں اور سندھ میں بدعنوانی سے پاک حکومت لانا چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عمران اسمٰعیل نے کہا کہ ’ایم کیو ایم سے اتحاد غیرآئینی نہیں بلکہ جمہوریت کے تقاضے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کا راستہ روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ان کی لوٹ گھسوٹ سے پورا سندھ متاثر ہو رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں