شارجہ: کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وہ انجری سے صحت یابی کے لیے دعا کرنے پر اپنے مداحوں کے بے حد مشکور ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں عماد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ بہت تیزی کے ساتھ صحت یاب ہو رہے ہیں اور اپنی انجری سے نجات پا رہے ہیں۔

نوجوان آلراؤنڈر کا کہنا تھا کہ وہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والے انتہائی اہم میچ میں شرکت نہیں کر پائیں گے تاہم ڈریسنگ روم سے اپنی ٹیم کی سپورٹ کریں گے۔

11 مارچ کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والے میچ میں کراچی کے کپتان عماد وسیم باؤلر محمد عامر کی گیند پر لاہور کے سہیل خان کا کیچ لیتے ہوئے پیچھے کی جانب گر گئے تھے اور اس دوران ان کا سر زمین سے ٹکرا گیا تھا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ عماد وسیم اس وقت ہسپتال میں ہی ہیں، اور وہ بہت تیزی کے ساتھ صحت یاب ہورہے ہیں۔

خیال رہے کہ 11 مارچ کو ہونے والے پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز نے ایونٹ کی روایتی حریف کراچی کنگز کو سُپر اوور میں 2 رنز سے شکست دے کر اس کے سامنے پلے آف مرحلے میں پہنچے کے لیے مشکلات پیدا کردیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں