کامران اکمل کی سنچری، پشاور زلمی پلے آف میں پہنچ گئی

اپ ڈیٹ 16 مارچ 2018
کامران اکمل سنچری اسکور کرنے کے بعد شکر ادا کر رہے ہیں۔
کامران اکمل سنچری اسکور کرنے کے بعد شکر ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے اہم میچ میں کامران اکمل کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی کی ٹیم کو ابتدا میں ہی اس وقت اہم کامیابی ملی جب گزشتہ میچ میں 94رنز کی اننگز کھیلنے والے فخر زمان صرف چھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ سمین گل نے قلندرز کے کپتان میک کولم کی اننگز کا بھی سات کے انفرادی اسکور پر خاتمہ کردیا۔

40 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد اینٹن ڈیوسچ کا ساتھ دینے نوجوان آغا سلمان آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کیلئے 55 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔

ڈیوسچ نے جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی جبکہ آغا سلمان نے بھی دو چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے لیکن وہاب ریاض نے نوجوان بلے باز کو پویلین بھیج کر زلمی کو اہم کامیابی دلائی۔

تاہم دوسرے اینڈ سے ڈیوسچ نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور لیام ڈاسن کے ایک اوور میں دو چھکوں سمیت 17 رنز بٹور کر قلندرز کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی لیکن اس سے قبل کہ وہ مزید خطرناک ثابت ہوتے، حسن علی نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے بلے باز نے 42 گیندوں پر سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔

119 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد گلریز صدف اور سہیل اختر وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو بڑے مجموعے تک رسائی دلائی۔

لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، سہییل اختر نے 30 اور گلریز نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں کامران اکمل تن تنہا قلندرز کے باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے اور رکی ویسلز کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوین اسمتھ کے ساتھ مل کر اسکور کو 61 تک پہنچا دیا جو 14 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد کامران کا ساتھ دینے محمد حفیظ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 87 رنز کی فیصلہ کن شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا، حفیظ 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

کامران اکمل نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 59گیندوں پر سنچری مکمل کر کے پی ایس ایل میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے، انہوں نے گزشتہ سیزن میں بھی سنچری اسکور کی تھی۔

وکٹ کیپر بلے باز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے 12 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر کے اپنی ٹیم سات وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ پلے آف کیلئے بھی کوالیفائی کرا دیا۔

وکٹ کیپر بلے باز نے 61 گیندوں پر 7 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 107 رنز کی اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں