اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل میں، کراچی کنگز کو شکست

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2018
رونکی نے 39 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 94 رنز کی اننگز کھیلی۔
رونکی نے 39 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 94 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلے آف میں لیوک رونچی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور 17 رنز پر محمد سمیع نے ایک ہی اوور میں خرم منظور اور ان فارم بابر اعظم کو چلتا کردیا۔

آئن مورگن اور ڈینلی نے اسکور کو 46 تک پہنچایا ہی تھا کہ مورگن 21 رنز بانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور کراچی کنگز کی ٹیم مشکلات میں گھری نظر آنے لگی۔

اس موقع پر ڈینلی کا ساتھ نبھانے کولن انگرام آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 82 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔

ڈینلی 46 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے لیکن انگرام نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 65 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو اچھے مجموعے تک پہنچا دیا۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، انگرام نے چھ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 39 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں لیوک رونچی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع اور صرف 19 گیندوں پر 50 بنا کر پی ایس ایل کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

انہوں نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ پہلی وکٹ کیلئے 91 رنز کی شراکت قائم کر کے کراچی کنگز کو میچ سے باہر کر دیا، صاحبزادہ تین چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

لیکن رونچی نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ایلکس ہیلز کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 10 اوورز میں 124 تک پہنچا دیا، ہیلز 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

نئے بلے باز سُمیت پٹیل اور رونچی نے شاندار بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنی ٹیم 45 گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا، رونچی نے صرف 39 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 94 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

لیوک رونچی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں