پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے آغاز کے ساتھ ہی شائقین کرکٹ کا جوش و خروش آسمان سے باتیں کرنے لگا ہے اور شائقین کرکٹ اپنے ملک میں کرکٹ کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ یہ جاننے کیلئے بھی بے چین ہے کہ کون کون سے کھلاڑی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے دو ایلیمنیٹر لاہور میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد 25 مارچ کو کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم ایونٹ کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔

گزشتہ ایڈیشن کی نسبت اس مرتبہ ایونٹ کے تین میچز پاکستان میں کھیلے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے شائقین یہ جاننے کیلئے بے چین ہیں کہ کون سے کھلاڑی پاکستان آنے کیلئے تیار ہیں۔

اس معاملے میں ایک مرتبہ پھر پشاور زلمی کی ٹیم سب پر بازی لے گئی جس کے تقریباً تمام ہی کھلاڑی پاکستان آںے کیلئے تیار ہیں اور اس کا تمام تر سہرا ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو جاتا ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، رکی ویسلز، لیام ڈاسن اور آندرے فلیچر پاکستان آںے پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں لیکن ڈیوین اسمتھ کچھ وجوہات کے سبب پاکستان نہیں آ سکیں۔

تاہم پشاور زلمی کو ڈیوین اسمتھ کی وطن واپسی سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا بلکہ ان کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ شکیب الحسن قومی ذمے داریوں سے فارغ ہو کر پشاور زلمی کو جوائن کر رہے ہیں اور انہوں نے پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے بھی خوشخبری یہ ہے کہ ان کی ٹیم کے اکثر کھلاڑی پاکستان آںے پر رضامند ہیں اور جین پال ڈومینی، لیوک رونچی، سمیت پٹیل اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکستان کا سفر کریں گے جبکہ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے سیم بلنگز، ایلکس ہیلز اور اسٹیون فن تاحال اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کر سکے۔

جین پال ڈومینی کو جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے پاکستان آںے کیلئے این او سی جاری نہیں کیا لیکن انہوں نے اپنی ذمے داری پر پاکستان آںے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ذرائع کے مطابق اسٹیون فن بھی ٹیم کے ہمراہ سفر کریں گے۔

کراچی کنگز کی بات کی جائے تو انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے تو پاکستان آںے سے انکار کردیا ہے لیکن کولن انگرام، جو ڈینلی، ٹائمل ملز اور لینڈل سمنز ٹیم کے ساتھ پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کر چکے ہیں۔

تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم گزشتہ سال کی طرح ایک مرتبہ پھر مشکلات سے دوچار ہے اور ان کے صف اول کے کھلاڑیوں نے پاکستان آںے سے انکار کردیا ہے۔

جیسن رائے، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن پاکستان آںے سے انکار کر چکے ہیں جبکہ رلی روسو نے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ان کی جگہ سری لنکا کے تھسارا پریرا، بنگلہ دیش کے محموداللہ، آسٹریلیا کے کرس گرین، جانسن چارلس اور ٹام کوہلر کیڈمور پاکستان آںے کیلئے تیار ہیں اور لاہور میں ہونے والے میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے بڑی خبر یہ ہے کہ رلی روسو بھی پاکستان آ کر کھیلنے کیلئے آمادہ ہو چکے ہیں اور انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اس کا عندیہ بھی دیا۔

پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم فائنل میں پہنچ چکی ہے جبکہ ایونٹ کے پہلے ایلیمنیٹر میں دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہو گا اور یہ مقابلہ اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ گزشتہ سال قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں یہی دونوں ٹیمیں مدمقابل آئی تھیں۔

پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم دوسرے ایلیمنیٹر میں کراچی کنگز سے مقابلہ کرے گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں