پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے لاہور میں ہونے والے دونوں پلے آف میچوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات اور تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کا دوسرا پلے آف لاہور میں 20 مارچ کو دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پیر کو کمشنر لاہور عنداللہ سنبل نے میڈیا سے گفتگو میں 20 اور 21 مارچ کو ہونے والے پلے آف میچوں کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں میچوں کیلئے تمام تر انٹظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے ایک مشن کی طرح کام کر رہے ہیں اور ہم شہریوں کو سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ سہولت بھی فراہم کریں گے۔

کمشنر لاہور نے بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف ایک مخصوص دائرے کے اندر تمام اسکول بند کر دیے جائیں گے جبکہ میٹرو کے چند اسٹیشن بند کر دیے جائیں گے اور عوام کی سہولت کیلئے گاڑیوں کے پارکنگ ایریا سے خصوصی شٹل سروس چلائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے پارکنگ لائٹس اور کیمرے لگا دیے گئے ہیں جبکہ خصوصی دستے بھی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کیے جائیں گے اور کسی بھی قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے عارضی ہسپتال بھی قائم کردیا گیا ہے۔

عبداللہ سنبل نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کی خاطر موبائل سروس بند نہیں کی جارہی اور ٹریفگ کا پلان بہت اچھا بنایا جارہا ہے تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات ہوں۔

قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے دونوں پلے آف کیلئے تیاریاں گزشتہ ہفتے سے ہی آخری مرحلے میں داخل ہو گئی تھیں اور اس سلسلے میں فل ڈریس سیکیورٹی ریہرسل بھی ہوئی تھی جس میں ایلیٹ فورسز، ڈولفن اسکواڈ اور ریسکیو آفیشلز نے شرکت کی تھی۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی گئی۔

مسلم لیگ ن کی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی، حکومت پاکستان اور تمام سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

قرارداد میں غیر ملکی کرکٹرز کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی ایک اچھا شگون قرار دیا گیا۔

قرارداد میں کہا کہ گیا کہ یہ ایوان پی ایس ایل تھری کی کامیابی پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ انٹر نیشنل کرکٹ ٹیموں کو پاکستان میں کرکٹ میچ کھیلنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

تبصرے (0) بند ہیں