اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے عالمی کرکٹ کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے پاکستان میں بڑے اسٹیڈیمز کی حالت کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

گزشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور اور راولپنڈی اسٹیڈیم کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے بجٹ تیار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر شہروں میں بھی اسٹیڈیم کو فعال بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اور کراچی کے اسٹیڈیمز کو مکمل اور کام کے قابل بنائے جانے کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ یہاں مقامی اور بین الاقوامی کرکٹ کا مناسب طریقے سے انعقاد کیا جا سکے۔

کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے انعقاد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ حکومت، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس سلسلے میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور ملک میں پی ایس ایل کے میچز کے کامیاب انعقاد کا کریڈٹ پوری قوم کو جاتا ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آ رہی ہے اور روشنیوں کے شہر کراچی کے لوگ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے گواہ ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے کچھ اداروں کی غلط رپورٹنگ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ اس ضمن میں تعمیری کردار ادا کریں تاکہ پوری کامیابی سے پاکستان میں بین الاقوامی میچز کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں