سام سنگ نے پاکستان میں اپنے مختلف اسمارٹ فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

پرو پاکستانی کی ایک رپورٹ کے مطابق سام سنگ کی جانب سے لاہور میں ایک ایونٹ کے دوران مختلف فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔

سام سنگ دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی ہے اور پاکستان میں بھی اس کی ڈیوائسز کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں : اصلی سام سنگ فون کی شناخت کیسے کریں؟

تقریب کے دوران سام سنگ پاکستان و افغانستان کے موبائل ڈویژن کے سربراہ عمر گھمن کا کہنا تھا ' سام سنگ نے امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کے باوجود ایک بڑا فیصلہ کیا اور کمپنی نے فیصلہ کیا کہ اس اضافے کا اثر صارف پر نہ پڑے اور اپنے تمام اسمارٹ فونز کی قیمتوں میں کمی کردی ہے'۔

سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس نائن، ایس نائن پلس، ایس ایٹ، ایس ایٹ پلس، گلیکسی جے سیون میکس، گلیکسی جے سیو کور، گلیکسی اے ایٹ، گلیکسی اے ایٹ پلس، گلیکسی گرینڈ پرائم پرو اور گلیکسی گرینڈ پرائم پلس کی قیمتوں میں کی گئی۔

کمپنی کے مطابق سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون ایس 9 کی قیمت میں 12 ہزار روپے کمی کی گئی ہے اور یہ اب ایک لاکھ 3 ہزار کی بجائے 91 ہزار روپے جبکہ ایس نائن پلس کی قیمت ایک لاکھ 14 ہزار سے کم کرکے ایک لاکھ 11 ہزار روپے کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ گلیکسی ایس 9 اور ایس 9 پلس پاکستان میں دستیاب

اسی طرح گزشتہ سال کے فلیگ شپ فون ایس ایٹ کی قیمت 2 ہزار روپے کمی سے 82 ہزار سے 80 ہزار کردی گئی جبکہ ایس ایٹ پلس اب 92 ہزار کی بجائے 90 ہزار میں دستیاب ہوگا۔

گلیکسی جے سیون میکس کی قیمت ایک ہزار روپے کی کمی سے 32 سے 31 ہزار روپے کردی گئی، گلیکسی جے سیون کور 27 کی جگہ 22 ہزار روپے میں اب دستیاب ہوگا۔

گلیکسی اے ایٹ کی قیمت 63 ہزار روپے سے کم کرکے 57 ہزار جبکہ اے ایٹ پلس کی 70 ہزار کی جگہ 64 ہزار روپے کردی گئی ہے۔

گلیکسی گرینڈ پرائم پرو اب 18 ہزار کی بجائے 17 ہزار میں دستیاب ہوگا جبکہ گلیکسی گرینڈ پرائم پلس ساڑھے 16 ہزار کی جگہ 16 ہزار روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں