لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیرِ قانون اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو ’ایجنسیوں کا ایجنٹ‘ قرار دے دیا۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے لاہور میں ہونے والے جلسے میں شریک خواتین سے متعلق نازیباں الفاظ بھی استعمال کیے۔

اس دوران انہوں نے کہا کہ ’عمران خان ایجنسیوں کے اینجنٹ ہیں اور انہوں نے یہ سب ماضی میں ثابت بھی کیا ہے‘۔

مزید پڑھیں: قوم کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑوں گا، عمران خان

ادھر تحریک انصاف نے صوبائی وزیرِ قانون کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان سے خواتین اور عمران خان کے حوالے سے کی گئی گفتگو پر معافی کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ’رانا ثناء اللہ کے بیان کی مذمت کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) ذہنی پسماندگی کی شکار جماعت بنتی جارہی ہے‘۔

بعدِ ازاں حکومت پنجاب کے ترجمان نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جو 11 نکاتی ایجنڈا پیش کیا ہے وہ پہلے سے آئین میں موجود ہیں۔

پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان اور صوبائی وزیر زعیم قادری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں عمران خان کی حکومت کی کار کردگی پر سوالات اٹھا دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: ’عمران خان کا 11 نکاتی ایجنڈا محض بیان بازی ہے‘

پنجاب حکومت کے ترجمان نے سوال کیا کہ عمران خان کی حکومت نے خیبرپختونخوا میں کون سے اقدامات کیے ہیں؟ اور اقبال پارک میں ہونے والے جلسے کی فنڈنگ میں کس کا ہاتھ ہے؟

زعیم قادری نے دعویٰ کیا کہ جو 11 نکاتی ایجنڈا عمران خان نے پیش کیا ہے وہی 2013 کے عام انتخابات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی مہم کے منشور میں شامل تھا۔

مسلم لیگ کے دھڑوں کے ایک ہونے کا امکان

ادھر عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید دیکھیں: عمران خان کے پاکستان میں تبدیلی کے لیے پیش کیے گئے 11 نکات

اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ف) کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا مسلم لیگ کے دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، جس میں ان کی کامیابی کے امکانات ہیں۔

مسلم لیگ (ق) کے صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے بھی ملکی ترقی کے لیے ہم خیال سیاسی جماعتوں اور لوگوں کو بھی مسلم لیگ کے جھنڈے تلے جمع ہونے کی دعوت دی ہے۔


یہ خبر یکم مئی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں