بولی وڈ اداکار اندر کمار کی خودکشی کی ویڈیو، حقیقت یا جعلی؟

اداکار کا انتقال 28 جولائی 2017 کو اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا —.
اداکار کا انتقال 28 جولائی 2017 کو اپنی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا —.

بولی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار اندر کمار گزشتہ سال دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے، تاہم اب ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں اداکار شراب کے نشے میں خود کشی کرنے کا ارادہ کررہے ہیں۔

اداکار کا انتقال 28 جولائی 2017 کو اپنی رہائش گاہ پر ہوا، تاہم ایک سال بعد ان کی یہ ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ شراب کے نشے میں اپنی زندگی کے مسائل پر بات کررہے ہیں، جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی زندگی سے اس حد تک تنگ آچکے ہیں کہ اب وہ خودکشی کرلیں گے۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکار اندر کمار چل بسے

اندر نے اس ویڈیو میں یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں بہت سی غلطیاں کی، اور انہیں اداکار بننے میں بھی بہت جدوجہد کرنی پڑی۔

تاہم اندر کمار کی اہلیہ پلاوی صرف نے ایک پریس کانفرنس میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اندر کمار کی ویڈیو اصل نہیں بلکہ ان کی ایک فلم کی کلپ ہے جو کبھی ریلیز نہیں ہوئی۔

پلاوی کا کہنا تھا کہ ’یہ اصل ویڈیو نہیں، یہ ایک فلم کا سین ہے جس کا نام پھٹی پڑی ہے یار تھا، یہ ریلیز نہیں ہوئی، ڈیڑھ سال قبل اس کی شوٹنگ مکمل ہوئی تھی، مجھے افسوس ہے کہ لوگ اندر کی فلم کے سین کو اصل مان رہے ہیں اور ایسا کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے خودکش کی‘۔

اندر کمار کے ایک رشتہ دار نے کہا کہ ’بھابی نے مجھے اس ویڈیو کا لنک دیا، یہ ایک فلم کا سین تھا، بھابی کافی پریشان ہیں، وہ ویسے ہی اندر بھائی کے خلاف درج ریپ کے مقدمات کے باعث روزانہ کورٹ میں حاضری دے رہی ہیں، انہیں اپنی 5 سالہ بیٹی کا خیال بھی رکھنا ہے‘۔

ویڈیو کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ’اندر بھائی نے یہ فلم کافی پہلے شوٹ کی تھی، اس فلم کا بجٹ کافی کم تھا، میں یہ فلم دیکھ چکا ہوں، میں اس وقت سیٹس پر بھی موجود تھا جب اس فلم کی شوٹنگ ہوئی، یہ سین اتنا اصل تھا کہ اسے دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ اصل خودکشی کی ویڈیو ہے، میں نے فلم کے ہدایت کار سے رابطہ کیا ہے وہ جلد اس حوالے سے بیان جاری کریں گے‘۔

خیال رہے کہ اندر کمار نے 1996 میں فلم ’معصوم‘ کے ساتھ ڈیبیو کیا۔

وہ اپنے کیریئر میں کئی کامیاب فلموں میں مختصر اور معاون کردار ادا کرچکے ہیں۔

ان فلموں میں ’خطروں کے کھلاڑی‘، ’کہیں پیار نہ ہوجائے‘، اور ’وانٹڈ‘ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ 2014 میں اندر کمار پر ایک اداکارہ نے ریپ کرنے کا الزام بھی لگایا تھا، جس کے بعد اندر کو 45 دنوں کے لیے جیل کی سزا سنادی گئی تھی۔

جیل سے باہر آنے کے بعد اندر کمار نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انڈسٹری کے افراد نے ان سے رابطہ کم کردیا تھا، جس کے باعث ان کے پاس نہ تو پیسے تھے اور نہ ہی کوئی نیا کام۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں