ایک اور معروف اداکارہ ’بھارت‘ کا حصہ

فلم میں تبو اہم کردار میں نظر آئیں گی —۔
فلم میں تبو اہم کردار میں نظر آئیں گی —۔

بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان کی اگلی فلم ’بھارت‘ میں ہندی سینما کی کئی نامور اداکارائیں موجود ہیں، تاہم اب معروف اداکارہ تبو بھی اس فلم کا حصہ بن چکی ہیں۔

فلم ’بھارت‘ میں پریانکا چوپڑا مرکزی اداکارہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، تاہم دیشا پٹانی، کترینہ کیف اور تبو بھی اس فلم میں کئی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

سلمان خان کی اس فلم کی ہدایات عباس علی ظفر دیتے نظر آئیں گے، فلم ’بھارت‘ 2014 کی جنوبی کوریا کی فلم ’اوڈ ٹو مائے فادر‘ کی کہانی پر مبنی ہے۔

مزید پڑھیں: ’بھارت‘ میں پریانکا کا کترینہ اور دیشا سے مقابلہ

فلم میں تبو کی کاسٹنگ کا اعلان ہدایت کار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ وہ تبو کے ساتھ پہلی مرتبہ کام کرنے پر بےحد پرجوش ہیں۔

خیال رہے کہ معروف بھارتی کامیڈین سنیل گروور بھی اس فلم میں پہلی مرتبہ سلمان خان کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

سلمان خان اپنی فلم ’بھارت‘ میں 5 الگ انداز کے لکس میں نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا سلمان خان کی ’بھارت‘ کا سب سے اہم حصہ

ان کی جوانی کے دور میں اداکارہ دیشا پٹانی ان کے ساتھ نظر آئیں گی۔

تاہم کترینہ اور پریانکا فلم کے اگلے حصے میں ایک ساتھ موجود ہوں گی۔

فلم ’بھارت‘ 2019 کی عید پر ریلیز ہوگی۔

واضح رہے کہ سلمان خان اور تبو ایک ساتھ کئی کامیاب فلموں میں کام کرچکے ہیں جن میں ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘، ’بیوی نمبر ون‘ اور ’جے ہو‘ شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں