اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے آئندہ عام انتخابات کے لیے ووٹرز کی حتمی فہرستیں جاری کردیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 407 ہو گئی ہے۔

ملک میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 262 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار 145 ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ حتمی انتخابی فہرستیں ردوبدل کے بعد جاری کی گئی ہیں۔

انتخابی فہرستوں کے مطابق پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 6 لاکھ 72 ہزار 868 جبکہ سندھ میں 2 کروڑ 23 لاکھ 91 ہزار 244 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ووٹرز رجسٹریشن کیلئے حتمی تاریخ میں توسیع کی جائے گی؟

خیبر پختونخوا میں ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 53 لاکھ 16 ہزار 299 جبکہ بلوچستان میں 42 لاکھ 99 ہزار 494 ہے۔

اسی طرح اسلام آباد میں ووٹرز کی کل تعداد 7 لاکھ 65 ہزار 348 جبکہ فاٹا میں 25 لاکھ 10 ہزار 154 ہے۔

— بشکریہ الیکشن کمیشن
— بشکریہ الیکشن کمیشن

واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے ملکی تاریخ میں پہلی بار 55 دن کا انتخابی شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔

الیکشن کمیشن حکام نے بتایا ماضی میں 48 دن کا انتخابی شیڈول جاری کیا جاتا رہا ہے، لیکن آئندہ عام انتخابات کے شیڈول میں 7 روز زیادہ دیئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 55 دن کا انتخابی شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے ووٹرز فہرستوں پر نظرثانی کے بعد نئے اعداد و شمار بھی جاری کیے جس کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 581 ہوگئی تھی۔

حکام نے امید ظاہر کی تھی کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ساڑھے 10 کروڑ سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں