دپیکا پڈوکون بولی وڈ کی پہلی ’سپر ہیروئن‘

اپ ڈیٹ 26 مئ 2018
دپیکا اپنی ہولی وڈ فلم میں بہترین ایکشن دکھا چکی
دپیکا اپنی ہولی وڈ فلم میں بہترین ایکشن دکھا چکی

بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے اپنی کامیاب فلم ’پدماوت‘ کے بعد سے کسی نئی فلم کے ساتھ اپنا نام نہیں جوڑا، تاہم اب رپورٹس ہیں کہ وہ بہت جلد بہت بڑے بجٹ پر تیار ہونے والی فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی، جس میں وہ بولی وڈ کی پہلی سپر ہیرو اداکارہ بنیں گی۔

ہندی سینما میں کرش، راون جیسے کئی سپر ہیرو کردار سامنے آئے، تاہم کسی اداکارہ کو اپنی فلم میں سپر ہیرو بنتے آج تک نہیں دکھایا۔

ہولی وڈ انڈسٹری میں سپر ہیروز کے ساتھ ساتھ اب سپر ہیروئنز کے کرداروں کو بھی کافی پذیرائی مل رہی ہے، اور اس بڑھتے رجحان کا اثر اب بولی وڈ میں بھی نظر آرہا ہے۔

یاد رہے کہ ہولی وڈ اداکارہ گال گدوٹ کی سپر ہیرو فلم ’ونڈر وومن‘ دنیا بھر میں کامیاب ہوئی، جس کے سیکوئل کی تیاریاں بھی شروع ہوچکی ہیں۔

مزید پڑھیں: دپیکا کا مقابلہ ’ونڈر ویمن‘ سے

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر دپیکا پڈوکون اس سپر ہیرو فلم میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں، تو وہ ہندی سینما کی پہلی اداکارہ ہوں گی جو سپر ہیروئن بنیں گی۔

رپورٹس کے مطابق اس پروجیکٹ کے اسکرپٹ پر کام کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ اس کی لانچ 2019 میں ہوگی۔

فلم کو 300 کروڑ ہندوستانی روپے کے بجٹ پر تیار کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون اپنی پہلی ہولی وڈ فلم ’ٹرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج‘ میں زبردست ایکشن کرتی نظر آئیں تھی، تو یقیناً وہ سپر ہیرو بن کر بھی شائقین کو متاثر کرنے میں یقیناً کامیاب ہوں گی۔

دپیکا پڈوکون نے ہدایت کار ویشال بھردواج کی فلم ’سپنا دی دی‘ بھی سائن کر رکھی ہے، تاہم فلم میں ان کے ساتھی اداکار عرفان خان کی خراب صحت کے باعث فلم مؤخر کردی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں