بولی وڈ اسٹار سلمان خان کا نام باکس آفس پر کامیابی کی ضمانت بن چکا ہے اور یہی وجہ ہے ان کی نئی فلم 'ریس 3 ' ریلیز سے پہلے ہی 100 کروڑ بھارتی روپے (انڈسٹری ٹریڈ تخمینے کے مطابق) کمانے میں کامیاب ہوچکی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس فلم کا بجٹ 120 کروڑ روپے ہے اور اس کے سیٹلائیٹ ممکنہ طور پر 100 کروڑ روپے میں فروخت ہوچکے ہیں، اس طرح یہ فلم کی ریلیز سے قبل ہی 85 فیصد بجٹ ریکور کرچکی ہے۔

ٹریڈ ایکسپرٹ اور فلم سازوں کے مطابق بڑے اسٹارز جیسے شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان اور اکشے کمار وغیرہ کی فلموں کے سیٹلائیٹ رائٹس ان اسٹارز کے نام کے باعث بہت بھاری رقم کے عوض فروخت کیے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں : ’ریس تھری‘ کا سکندر، جیکولین کے جلوے اور’اللہ دہائی‘ ہے

ریس 3 کے پروڈیوسیر رمیش تورانی نے سیٹلائیٹ رائٹس کی رقم بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا 'بڑے بجٹ کی فلمیں جیسے ریس تھری کے سیٹلائیٹ اور ڈیجیٹل رائٹس بہت مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں'۔

رپورٹ کے مطابق اب بڑے اسٹارز کی جانب سے فلم کا معاوضہ لینے کی بجائے منافع میں سے حصہ لیا جاتا ہے۔

سلمان خان اس حوالے سے خوش قسمت ہیں جو مختلف رپورٹس کے مطابق اپنی اگلی 4 فلموں کے حقوق ایک چینیل کو 400 کروڑ روپے کے عوض فروخت کرچکے ہیں، یعنی ہر فلم کے عوض سو کروڑ روپے۔

یہ بھی پڑھیں : ’ریس تھری‘ میں کام کے لیے سلمان کی انوکھی شرط

اس منظرنامے میں بڑے اداکار باکس آفس منافع کا بڑا حصہ بلکہ سیٹلائیٹ رائٹس کے منافع کا بڑا حصہ اپنے نام کرلیتے ہیں اور پروڈیوسر کے ہاتھ کچھ زیادہ نہیں آتا۔

ماہرین کے مطابق سلمان خان اگر اپنی فلموں کے حقوق پہلے ہی فروخت کردیں، چاہے چینیل کو معلوم ہی نہ ہو کہ وہ کونسی فلمیں کرنے والے ہیں، مگر اسے یہ ضرور معلوم ہوتا ہے کہ دبنگ خان اچھی فلمیں کریں گے کیونکہ ان کی ساکھ داﺅ پر لگی ہوتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں