بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی ایکشن تھرلر فلم ’ریس تھری‘ کو بھارت سمیت متعدد ممالک میں ریلیز کردیا گیا۔

سلمان خان کی اس فلم کو پاکستان میں ریلیز نہیں کیا گیا، کیوں کہ حکومت پاکستان نے ملک بھر میں عید کے موقع پر مقامی فلمز کو موقع دینے کے لیے 2 ہفتوں تک بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

سلمان خان کی ’ریس تھری‘ کے حوالے سے یہ چہ مگوئیاں پہلے ہی کی جا رہی تھیں کہ فلم ممکنہ طور پر پہلے ہی دن 30 سے 35 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب جائے گی۔

اطلاعات تھیں کہ فلم کی نمائش سے قبل ہی اس کے بیشتر شوز کی بکنگ ہوچکی ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

تاہم بھارت کے ایک شہر کی سینما میں سلمان خان کی اس فلم کو دیکھنے کے لیے صرف 10 سے 15 افراد پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ریس تھری' ریلیز سے پہلے سو کروڑ کمانے میں کامیاب

سی این این نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے صنعتی شہر نوئڈا کی سینما میں جیکولین فرنانڈس، سلمان خان، بوبی دیول، ڈیزی شاہ اور انیل کپور کی فلم کو دیکھنے کے لیے محض 10 سے 15 افراد آئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی طرح ملک کے دیگر شہروں کی کچھ سینماؤں میں بھی کئی سیٹیں خالی نظر آئیں، تاہم امکان ہے کہ فلم 30 سے 35 کروڑ روپے بٹورنے میں کامیاب جائے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی کرکے رواں برس کی پہلے ہی دن سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب جائے گی۔

نوئڈا میں ریس تھری کو دیکھنے کے لیے صرف 10 سے 15 افراد پہنچے—فوٹو: نیوز 18
نوئڈا میں ریس تھری کو دیکھنے کے لیے صرف 10 سے 15 افراد پہنچے—فوٹو: نیوز 18

’ریس‘ سیریز میں پہلی بار سلمان خان مرکزی کردار میں نظر آئے ہیں، جب کہ انیل کپور سیریز کی تیسری فلم میں کرپٹ پولیس افسر کے بجائے ایماندار ہتھیاروں کے اسمگلر کے طور پر نظر آئے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’ریس تھری‘ کا سکندر، جیکولین کے جلوے اور’اللہ دہائی‘ ہے

پہلی دونوں فلموں میں وہ جانبدار اور کرپٹ پولیس افسر کے طور پر نظر آئے تھے۔

جیکولین فرنانڈس دوسری بار اس سیریز کا حصہ بنی ہیں، جب کہ سلمان خان، بوبی دیول، ڈیزی شاہ اور ثاقب سلیم پہلی بار اس سیریز میں نظر آئے ہیں۔

پہلی دونوں فلموں میں مرکزی کردار سیف علی خان نے نبھایا تھا۔

امکان ہے کہ سلمان خان کی اس فلم کو پاکستان میں عید کے 2 ہفتوں بعد ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں