بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کی ایکشن تھرلر فلم ’ریس تھری‘ نے ریلیز کے ابتدائی 3 دن میں ایک سو کروڑ بھارتی روپے سے زائد کماکر نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

سلمان خان، جیکولین فرنانڈس، بوبی دیول، ڈیزی شاہ، انیل کپور اور ثاقب سلیم کی فلم کو عید سے ایک دن قبل یعنی 15 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا۔

’ریس تھری‘ کو پاکستان میں ریلیز نہیں کیا گیا، کیوں کہ حکومت پاکستان نے عید کے موقع پر مقامی فلموں کو موقع دینے کی غرض سے بولی وڈ فلموں کی نمائش پر عارضی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

’ریس تھری‘ کے حوالے سے پہلی ہی چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں کہ فلم کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریس تھری‘ کے پہلے شو کو صرف 15 افراد نے دیکھا

امکان تھا کہ فلم پہلے ہی دن 30 سے 35 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوجائے گی، تاہم فلم پہلے ہی دن اندازوں سے کچھ کم پیسے کمانے میں کامیاب ہوئی۔

فلم نے ریلیز کے پہلے دن 29 کروڑ روپے سے زائد پیسے بٹور کر رواں برس پہلے ہی دن ریکارڈ پیسے کمانے والی پہلی فلم کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

’ریس تھری‘ سے قبل ٹائیگر شروف کی ایکشن روماںٹک فلم ’باغی 2‘ وہ پہلی فلم تھی، جس نے ابتدائی دن سب سے زیادہ یعنی 25 کروڑ روپے بٹورے تھے، اس فہرست میں دوسرے نمبر پر دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور کی متنازع فلم ’پدماوت‘ تھی، جس نے پہلے ہی دن 19 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بٹوری تھی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

تاہم سلمان خان نے جیکولین فرنانڈس اور ڈیزی شاہ کے ساتھ مل کر ریکارڈ کے سارے پتے الٹ پلٹ کر رکھ دیے۔

مزید پڑھیں: 'ریس تھری' ریلیز سے پہلے سو کروڑ کمانے میں کامیاب

’ریس تھری‘ نے ابتدائی 3 دن میں یعنی 15 سے 18 جون کے اختتام سے قبل ہی ایک سو کروڑ 6 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بٹور کر ایک نیا اعزاز اپنے نام کیا۔

بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئیٹ کی کہ ’ریس تھری‘ نے 18 جون تک 100 کروڑ 6 لاکھ روپے بٹور کر 2018 میں ابتدائی 3 دن میں ریکارڈ کمائی کرنے والی دوسری فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

پرومو فوٹو
پرومو فوٹو

رواں برس ریلیز کے پہلے ہی ہفتے سب سے زیادہ پیسے کمانے کا اعزاز ’پدماوت‘ کو حاصل ہے، جس نے ابتدائی ہفتے میں ایک سو کروڑ 25 لاکھ روپے بٹورے تھے۔

تاہم تجزیہ کاروں کےمطابق ’پدماوت‘ کو ابتدائی ہفتے میں 5 دن جب کہ ’ریس تھری‘ کو 3 دن ملے، یعنی اتوار سے لے کر اتوار تک کے ہفتے میں سلمان خان کی فلم کو صرف 3 جب کہ دپیکا پڈوکون کی فلم کو 5 دن ملے تھے، جس وجہ سے ان دونوں فلموں کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریس تھری‘ کا سکندر، جیکولین کے جلوے اور’اللہ دہائی‘ ہے

ریلیز کے پہلے ہی 3 دنوں میں ایک سو کروڑ کلب میں شامل ہونے کے بعد ’ریس تھری‘ سلمان خان کی وہ چوتھی فلم بن گئی ہے، جو ابتدائی 3 دن میں ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔

اس سے قبل سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان، سلطان اور ٹائیگر زندہ ہے‘ بھی پہلے ہی 3 دن میں 100 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

یوں ’ریس تھری‘ 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے والی سلمان خان کی 13 ویں فلم بھی بن گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں