اسلام آباد: اٹارنی جنرل فار پاکستان اشتر اوصاف نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

اشتر اوصاف نے اپنا استعفیٰ صدر پاکستان ممنون حسین کو بھجوا دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ’یہ میرے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ میں اٹارنی جنرل آف پاکستان رہا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’عام انتخابات قریب ہیں جس کے باعث اٹارنی جنرل کے عہدے پر فائز رہنا میرے لیے درست نہیں، جبکہ عہدے پر موجود رہنے سے کوئی سیاسی جماعت میری موجودگی کو صاف اور شفاف الیکشن میں رکاوٹ سمجھ سکتی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: اٹارنی جنرل پاکستان کے بیرونِ ملک جانے پر پابندی عائد

واضح رہے کہ اشتر اوصاف کو مارچ 2016 میں ملک کا اٹارنی جنرل بنایا گیا تھا۔

قبل ازیں 2013 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت آنے کے بعد اشتر اوصاف کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کا معاون خصوصی برائے قانون مقرر کیا گیا۔

2011 میں انہیں پنجاب کا پراسیکیوٹر جنرل بھی مقرر کیا گیا، لیکن جنوری 2012 میں انہیں ایک بار پھر صوبے کا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: کلبھوشن کیس: اٹارنی جنرل اشتر اوصاف پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے

اس سے قبل انہیں مئی 1998 میں بھی مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مقرر کیا گیا تھا۔

اشتر اوصاف پاکستان بار کونسل کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں