بولی وڈ کی میگا بجٹ ایکشن تھرلر فلم سیریز ’دھوم‘ کا شمار کامیاب ترین سیریز میں ہوتا ہے، جس کی اب تک 3 فلمیں آ چکی ہیں۔

تاہم اب اس سیریز کی چوتھی فلم کے حوالے سے خبریں سامنے آئی ہیں، جس متعلق اطلاعات ہیں کہ پہلی بار بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان اس کا حصہ بنتے نظر آئیں گے۔

اطلاعات ہیں کہ ’دھوم 4‘ میں دبنگ ہیرو ایکشن میں دکھائی دیں گے، تاہم وہ فلم میں منفی کردار کرنے کے بجائے ’دھوم 3‘ میں عامر خان کی طرح چالاک شخص کا کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اطلاعات ہیں کہ ’دھوم‘ فرنچائز کی ٹیم اور سلمان خان کے درمیان چوتھی فلم کے حوالے سے باتیں ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں، تاہم جلد ان کی تصدیق کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق ادیتیا چوپڑا اور سلمان خان کے درمیان ’دھوم 4‘ کے حوالے سے گزشتہ ایک سال سے مذاکرات جاری تھے، جن میں گزشتہ ہفتے اس وقت پیش رفت ہوئی جب سلمان خان کی فلم ’ریس تھری‘ نے باکس آفس پر ریکارڈ کمائی کی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم کی ٹیم نے ایک بار پھر فلم میں مرکزی اداکارہ کا کردار ادا کرنے کے لیے بار بی ڈول کترینہ کیف سے رابطہ کیا ہے۔

ساتھ ہی اطلاعات ہیں کہ ’دھوم‘ سیریز میں جہاں سلمان خان پہلی بار ایکشن میں دکھائی دیں گے وہیں بولی وڈ کے علاؤ الدین خلجی یعنی رنویر سنگھ بھی اس فلم کا حصہ ہوں گے۔

تاہم ابھی اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے آخر تک فلم کی کاسٹ کا اعلان کرنے کے بعد آئندہ برس سے فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

فلم کو 2020 کے آغاز یا پھر 2019 کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

اگر اس فلم میں سلمان خان اور رنویر سنگھ ایک ساتھ دکھائی دیے تو یہ ان کی پہلی فلم ہوگی، جب کہ کترینہ کیف کی بھی دونوں اداکاروں کے ساتھ پہلی فلم ہوگی۔

اسی طرح اگر اس فلم میں سلمان اور کترینہ کو ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو ان کی ایک ساتھ یہ چھٹی فلم ہوگی۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ رنویر سنگھ اور سلمان خان ’دھوم‘ سیریز کا حصہ بنیں گے، جب کہ کترینہ کیف دوسری بار اس سیریز میں جلوہ گر ہوں گی۔

اس سے قبل کترینہ کیف 2013 میں ریلیز ہونے والی سیریز کی تیسری فلم ’دھوم تھری‘ میں عامر خان کے ساتھ بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

اس سیریز کی پہلی فلم 2004 جب کہ دوسری 2006 میں ریلیز کی گئی تھی، اب اس کی چوتھی فلم ریلیز کی جائے گی۔

اس سیریز کی ریلیز ہونے والی تینوں فلموں میں ابھیشک بچن اور ادے چوپڑا مسلسل نظر آ چکے ہیں، تاہم چوتھی فلم میں ابھیشک بچن کی جگہ رنویر سنگھ کو کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں