یوراگوئے کی فتح، رونالڈو کی ٹیم بھی عالمی کپ سے باہر

01 جولائ 2018
میچ ریفری پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کو پیلا کارڈ دکھا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
میچ ریفری پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کو پیلا کارڈ دکھا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

فٹبال ورلڈ کپ میں یوراگوئے نے یورو چیمپیئن پرتگال کی ٹیم کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جس کے ساتھ ہی لیونل میسی کے ساتھ ہی کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم بھی عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

روس کے شہر سوچی کے فشت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 7ویں منٹ میں کوانی نے گول کر کے یوراگوئے کو برتری دلا دی۔

میچ کے بقیہ ہاف میں پرتگال کی ٹیم چھائی رہی اور اس نے گول کرنے کی لاتعداد کوششیں کیں لیکن وہ ایک میں کامیاب نہ ہو سکے، پہلے ہاف کے اختتام تک یوراگوئے کو 0-1 کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے کے 10ویں منٹ میں تجربہ پرتگالی کھلاڑی پے پے نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گیند کو نیٹ میں پہنچا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

تاہم پرتگال کی یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور میچ کے 62ویں منٹ میں ایڈنسن کوانی ایک اور گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

میچ کے دوران عالمی شہرت یافتہ پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بجھے بجھے نظر آئے اور ایک بھی موقع پر گول کی جانب شاٹ نہیں مارا۔ اس سلسلے میں یوراگوئے کا دفاع بھی شاندار رہا جنہوں نے پورے میچ میں رونالڈو کا گھیراؤ کیے رکھا اور انہیں کسی بھی موقع پر کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا جس نے پرتگال کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کی راہ دشوار بنا دی۔

کرسٹیانو رونالڈو میچ میں دو گول کرنے والے حریف یوراگوئے کے کھلاڑی ایڈنسن کوانی کو میدان سے باہر دھوڑنے جا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
کرسٹیانو رونالڈو میچ میں دو گول کرنے والے حریف یوراگوئے کے کھلاڑی ایڈنسن کوانی کو میدان سے باہر دھوڑنے جا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پرتگال نے میچ میں دوبارہ واپسی اور گول اسکور کرنے کی متعدد کوششیں کیں لیکن خراب فنشنگ کے ساتھ ساتھ یوراگوئے کے عمدہ دفاع نے انہیں گول کرنے سے باز رکھا اور وہ میچ میں 1-2 کی شکست سے دوچار ہو گئے۔

اس میچ میں شکست کے ساتھ ہی رونالڈو اور پرتگال کا ورلڈ کپ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا جبکہ یوراگوئے کی ٹیم نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں کوارٹر میں اس کا مقابلہ فرانس سے ہو گا۔

اس سے قبل دن کے پہلے میچ میں لیونل میسی کی ٹیم کو شکست ہوئی تھی اور اس طرح فٹبال کی دنیا کے دو سب سے بڑے ستاروں میسی اور رونالڈو دونوں کی ٹیمیں ورلڈ کپ سے باہر ہو گئیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں