وہ شاندار لمحہ جب فوٹوگرافر کروشین ٹیم کا حصہ بن گیا

12 جولائ 2018
کروشیا کے کھلاڑی گول کا جشن منانے کے بعد فوٹو گرافر یوری کورٹیز سے ہاتھ ملا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
کروشیا کے کھلاڑی گول کا جشن منانے کے بعد فوٹو گرافر یوری کورٹیز سے ہاتھ ملا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ماسکو: جب ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل کے ایکسٹرا ٹائم میں کروشیا نے انگلینڈ کے خلاف دوسرا گول اسکور کر کے فیصلہ کن برتری حاصل کی تو ایک فوٹو گرافر بھی غیردانستہ طور پر کروشین ٹیم کے جشن کا حصہ بن گیا۔

روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان میچ مقررہ وقت میں برابر رہنے کے بعد اضافی 30منٹ کا کھیل شروع ہوا۔

میچ اضافی وقت میں بھی ڈرا کی جانب گامزن تھا لیکن 109ویں منٹ میں ماریو مینڈزیوکک نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

کروشیا کے لیے دوسرا گول کرنے والے ماریو مینڈزیوکک اے ایف پی فوٹو گرافر کو اٹھانے کے لیے ہاتھ بڑھا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
کروشیا کے لیے دوسرا گول کرنے والے ماریو مینڈزیوکک اے ایف پی فوٹو گرافر کو اٹھانے کے لیے ہاتھ بڑھا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

اس موقع پر جوش و جذبے سے سرشار مینڈزیوکک لزنیکی اسٹیڈیم کے ایک طرف بھاگتے چلے گئے اور گول کا جشن منانے والے کروشیا کی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی ان کا پیھچا کیا۔

مینڈزیوکک جشن مناتے ہوئے جس کونے پر گئے وہاں فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کا ایک فوٹو گرافر بھی موجود تھا اور جب مینڈزیوکک نے خوشی سے فوٹوگرافر پر چھلانگ لگائی تو بقیہ ٹیم بھی ان پر چڑھ دوڑی۔

فوٹو گرافر یوری کورٹیز نے کہا کہ میں اپنے کیمرے کا لینس تبدیل کر ہی رہا تھا کہ کھلاڑی میری طرف بھاگتے ہوئے آنے لگے۔

انہوں نے کہا کہ وہ میری طرف آتے چلے جا رہے تھے اور مجھ پر گر گئے اور میں ان کے جشن کا حصہ بن گیا۔

'یہ ایک بہت جوش و جذبے سے بھرپور لمحہ تھا، وہ سب بہت خوش تھے لیکن پھر انہیں فوراً اندازہ ہوا کہ میں ان کے نیچے دبا ہوا ہوں'۔

کروشیا کے کھلاڑی مل کر فوٹو گرافر کو اٹھا رہے ہیں
کروشیا کے کھلاڑی مل کر فوٹو گرافر کو اٹھا رہے ہیں

جب کھلاڑی ان کے اوپر سے اٹھے تو فوٹو گرافر نے فوراً کیمرہ اٹھایا اور چند شاندار لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔

یوری کورٹیز نے بتایا کہ اس کے بعد کھلاڑیوں نے مجھ سے خیریت دریافت کی، ایک کھلاڑی نے میرا لینس اٹھایا جبکہ کروشین ٹیم کے ڈوماگوج ویدا نے میرے ماتھے پر بوسا دیا۔

کروشیا نے انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے جہاں اتوار کو اس کا سامنا 1998 ورلڈ کپ کی چیمپیئن فرانس سے ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں