نئی ٹیسٹ رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کی ترقی، بنگلہ دیش کی تنزلی

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2018
ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ کیا— فوٹو: اے ایف پی
ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ کیا— فوٹو: اے ایف پی

دبئی: بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کی بدولت ویسٹ انڈیز نے ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کر لی جبکہ سری لنکا کے خلاف ناقص کارکردگی کے باعث جنوبی افریقی بلے بازوں کو رینکنگ میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ اور جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین ٹیم اور پلیئرز رینکنگ جاری کر دی۔

ٹیموں میں بھارت سرفہرست ہے جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر برقرار ہے۔

بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں فتح کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 2014 کے بعد پہلی مرتبہ اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا اور اس کے ساتھ ساتھ عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی پا کر بنگلہ دیش کو آٹھویں پوزیشن سے محروم کر دیا۔

بلے بازوں کی ابتدائی پانچ رینکنگ میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی اور پابندی کا شکار سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

دیگر چار کھلاڑیوں میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی دوسرے، انگلینڈ کے کپتان جو روٹ تیسرے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن چوتھے اور پابندی کا شکار ایک اور آسٹریلین بلے باز ڈیوڈ وارنر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

جمیکا اور گال میں ہونے والے کم اسکور کے حامل میچوں میں سب سے نمایاں اور ممتاز بلے باز سری لنکا کے دمتھ کرورنا رتنے رہے جنہوں نے پہلی اننگز میں 158 رنز بنا کر بیٹ کیری کیا تو دوسری اننگز میں 60 رنز بنائے۔

کرونارتنے نے میچ میں مجموعی طور پر 218 رنز بنائے اور ان کا اسکور جنوبی افریقہ کی دونوں اننگز کے مجموعی اسکور 199 سے بھی زیادہ رہا جس کی بدولت وہ 21 درجے لمبی چھلانگ لگا کر کیریئر کی بہترین 10ویں پوزیشن پر آ گئے اور دنیش چندیمل کے بعد رینکنگ میں دوسرے بہترین سری لنکن بلے باز بن گئے ہیں۔

کریگ بریتھویٹ 3 درجے ترقی پا کر 13ویں، شکیب الحسن 2 درجے اوپر چڑھ کر 22ویں نمبر پر آ گئے البتہ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے جبکہ کوشل مینڈس 7 درجے تنزلی کے بعد 19ویں نمبر پر چلے گئے۔

باؤلرز کی رینکنگ میں بھی ابتدائی 5 پوزیشن میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی جہاں کگیسو ربادا پہلے، جیمز اینڈرسن دوسرے، رویندرا جدیجا تیسرے، ورنن فلینڈر چوتھے اور روی چندرن ایشون پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

دیگر باؤلرز میں رنگنا ہیراتھ 2 درجے بہتری کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آ گئے البتہ گال ٹیسٹ میں 10وکٹیں لینے والے نوجوان اسپنر دلرووان پریرا نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کی بدولت 7درجے چھلانگ لگا کر کیریئر کی بہترین 25ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔

دوسری جانب جمیکا میں عمدہ باؤلنگ کارکردگی پر ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 11 وکٹیں لے کر 9 درجے ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین 13ویں پوزیشن پر آگئے اور ساتھ ساتھ پانچویں بہترین آل راؤنڈر بھی بن گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں