کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ٹی وی اشتہارکے لیے پیسے نہیں اس لیے فٹ پاتھ پر کنونشن کررہے ہیں۔

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان (آباد) کی ایک تقریب سے سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کسی مصنوعی طریقے سے ایم کیوایم کوالیکشن سے باہرکرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی چلتا ہے تو ملک پلتا ہے لیکن مردم شماری میں شہرکی آدھی آبادی کو ہی غائب کردیا گیا ہے، ورلڈ بینک سے لے کراقوام متحدہ تک کراچی کی آبادی پونے تین کروڑ تسلیم کرتے ہیں مگر مردم شماری میں شہر کی آبادی کو نصف دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فاروق ستار کا خالد مقبول صدیقی کے ساتھ انتخابی مہم چلانے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے پاس مینڈیٹ رہا لیکن اختیار نہیں ملا، ہمارے پاس ٹی وی اشتہارکے لیے پیسے نہیں اس لیے فٹ پاتھ پر کنونشن کررہے ہیں۔

اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تعمیر وترقی میں ہاؤسنگ کا بہت بڑا کردارہے،انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان میں ہاؤسنگ کے شعبے کو انڈسٹری کا درجہ دیا جانا چاہیے کیوں کہ ہاؤسنگ انڈسٹری 70 چھوٹے چھوٹے شعبوں کی وارث ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ اگر ملک کے دیگر سیاسی قائدین کراچی میں دوبارہ مردم شماری کا مطالبہ کریں تو الیکشن کی ضرورت ہی نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان کا منشور پیش، نئے صوبوں کے قیام کی تجویز

تقریب سے خطاب میں ایم کیو ایم کے سندھ اسمبلی میں سابق پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ صرف ایک بار ایم کیوایم کو با اختیارحکومت ملی، ہمیں جب بھی موقع ملا شہر کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑا۔

تبصرے (0) بند ہیں