الیکشن کمیشن پاکستان ( ای سی پی ) نے انتخابات 2018 میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے 56 گھنٹے بعد مکمل عبوری نتائج جاری کردیے۔

ای سی پی کے کی جانب سے غیر حتمی سرکاری نتائج میں فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 270 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف 115 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) 64 نشستیں لے کر دوسرے اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) 43 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری غیر حتمی سرکاری نتائج میں متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے ) قومی اسمبلی کی 12 جبکہ متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان 6 نشستیں جیتے میں کامیاب ہوگئی۔

مزید پڑھیں: انتخابات کو مسترد کرتے ہیں،اپوزیشن میں بیٹھیں گے، بلاول بھٹو زرداری

اس کے علاوہ مسلم لیگ (ق) اور نئی بننے والی بلوچستان عوامی پارٹی ( بی اے پی) 4، 4 نشستیں جیت سکی جبکہ سندھ میں بننے والے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے ) صرف 2 نشستیں حاصل کرسکی۔

الیکشن کمیشن کے غیر حتمی سرکاری نتائج کے مطابق اختر مینگل کی بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی ) ایوان زیریں میں 3 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) صرف ایک نشست جیتے میں کامیاب ہوئی۔

اسی طرح عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل )، پاکستان تحریک انسانیت اور جمہوری وطن پارٹی (جے ڈبلیو پی) بھی قومی اسمبلی کی ایک ایک نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

قومی اسمبلی کی 270 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں 12 نشستیں آزاد امیدوار بھی جیتنے میں کامیاب رہے، جو وفاقی حکومت بنانے میں ایک اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 190 میں پریزائڈنگ افسر کی غلطی الجھن کا باعث بن گئی

تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری عبوری نتائج میں کچھ تبدیلی بھی ہوسکتی ہے کیونکہ قومی اسمبلی کے کم از کم 5 حلقوں پر دوبارہ گتنی ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد حتمی نتائج تبدیل ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کی 272 میں سے 2، پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 2، سندھ اسمبلی کی 130 میں سے ایک، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 99 میں سے 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 51 میں سے ایک نشست پر الیکشن ملتوی کیے گئے تھے، جو اب ضمنی انتخابات کے ساتھ ہوں گے.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں