برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو انتخابات میں جیت پر مبارک باد پیش کرنے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ پہنچے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ برطانوی سفیر اور ان کے وفد نے عمران خان اور ان کی جماعت کو عام انتخابات 2018 میں جیت پر مبارک باد پیش کی۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک برطانیہ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد برطانیہ میں مقیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کی گئی دولت کی وطن واپسی ہمارا عزم ہے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں تحریک انصاف کی جیت کے بعد سے برطانوی سفیر کے علاوہ چینی، سعودی، اور متحدہ عرب امارات کے سفیر بھی عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی عمران خان کو ٹیلی فون پر مبارک باد پیش کی تھی اور کہا تھا کہ بھارت پاکستان سے تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعظم کے عہدے کا حلف 11 اگست کو اٹھائیں گے۔

دریں اثناء تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ ان کی جماعت نے وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں سربراہان مملکت کو مدعو کرنے کے لیے دفتر خارجہ سے بات کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عامر خان، کپیل دیو، سنیل گاوسکر سمیت کئی نامور ستاروں کو بھی عمران خان کی تقریب حلف برداری کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں