ایم کیو ایم پر جو الزامات لگائے، آج بھی اس پر قائم ہیں، پی ٹی آئی

اپ ڈیٹ 06 اگست 2018
پی ٹی آئی رہنما کراچی میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
پی ٹی آئی رہنما کراچی میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں ایم کیو ایم کے حوالے سے جو باتیں کی تھیں اس پر آج بھی قائم ہیں اور یہ اتحاد مجبوری سے ہی کیا گیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ’ہم مجبوری میں ایم کیو ایم پاکستان کے پاس گئے تھے اور اتحاد بھی مجبوری میں ہی کیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پر ہم نے جو الزامات لگائے تھے آج بھی ان پر قائم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نےعمران خان کو وزیراعظم کے لیے ووٹ پورے کرنے تھے اس لیے ہمیں ایم کیو ایم کی حمایت کی ضرورت تھی، اور مجبوری کے تحت ہمیں ان کے پاس جانا پڑا۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف سے معاہدہ کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا،وسیم اختر

پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے کہا کہ ایم کیو ایم کو الیکشن 2018 میں شکست میئر کراچی وسیم اختر کی خراب کارکردگی کے باعث ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج سے ہم نے کراچی کو پیغام دیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کو قومی دھارے کی سیاست کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کراچی شہر کے لیے 10 سال میں ایک بوند پانی کا اضافہ نہ کرسکے آپ ان پر کیسے بھروسہ کریں گے، کراچی میں جن لوگوں نے 35 سال پہلے جو وعدے کیے تھے انہوں نے آج تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کا حکومت سازی کیلئے تحریری معاہدے کا اعلان

فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی صفوں میں کسی بھی مجرم کو داخل ہونے نہیں دے گی۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ’اگر شروع میں ہی ایسا رویہ رکھا گیا تو آگے مشکلات بڑھ جائیں گی‘۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کے سامنے ہم یہ معاملہ رکھیں گے کہ قوم کے سامنے آکر بتایا جائے کہ کیا مجبوری تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل میئرکراچی اور ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے کہا تھا کہ ان کی جماعت کے پاس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے معاہدے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا کیونکہ عوام مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو آزما چکے ہیں۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو منعقدہ عام انتخابات میں کراچی میں پی ٹی آئی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ ایم کیو ایم کو 4 نشستیں ملی تھیں بعد ازاں پی ٹی آئی نے مرکز میں حکومت سازی کے لیے ایم کیو ایم پاکستان سے رابطہ کیا تھا۔

ایم کیو ایم پاکستان اور پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے دو روز اسلام آباد میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس میں حکومت سازی کے اتحاد کے ساتھ ساتھ کراچی میں دھاندلی کے حولے سے ایم کیو ایم کے تحفظات کا جائزہ لینے اور دیگرمعاملات پر ساتھ دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں