برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں نامعلوم شخص نے سڑک پر موجود ہجوم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مانچسٹر کے علاقے موس سائیڈ پر واقع کلیئر ماؤنٹ روڈ پر پیش آیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ وہ اس واقعے میں ملوث شخص کا تعین کر رہے ہیں تاہم ایک سماجی کارکن ایرینا بیل نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ان کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک فرد ملوث ہے جو لوگوں پر پیلٹ گن سے فائرنگ کر رہا تھا۔

مانچسٹر پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ زخمیوں کو فائرنگ سے شدید چوٹیں آئی ہیں تاہم تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مزید پڑھیں: مانچسٹر دھماکا: حملہ آور کے والد اور بھائی گرفتار

پولیس حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس جگہ پر متعدد افراد موجود تھے تاہم واقعے کی ٹھیک لوکیشن کا تعین کیا جارہا ہے، جس کے لیے اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ یہاں لوگ کیریبئین کارنیول کے موقع کی مناسبت سے جمع ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ 23 مئی 2017 کو مانچسٹر کے بریٹش ایرینا میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مانچسٹر دھماکا: برطانوی میڈیا کے حملہ آور سے متعلق انکشافات

برطانیہ نے مانچسٹر دھماکوں کی تحقیقات میں پیش رفت کرتے ہوئے عسکری نیٹ ورک کے متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا۔

بعدِ ازاں تفتیش کے حوالے سے کچھ مواد امریکی میڈیا میں شائع ہونے پر لندن اور واشنگٹن میں تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ کے علاقے سیلسبری میں قائم عسکری ساز وسامان تیار کرنے والی فیکٹری میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں