’گولڈ‘ اور ’ستیہ میوا جیتے‘ نے ریلیز کے پہلے دن دھوم مچادی

اکشے کمار اور جان ابراہم کی فلموں نے اپنی ریلیز کے پہلے روز باکس آفس پر شاندار بزنس کیا —فوٹو/ پبلسٹی
اکشے کمار اور جان ابراہم کی فلموں نے اپنی ریلیز کے پہلے روز باکس آفس پر شاندار بزنس کیا —فوٹو/ پبلسٹی

بولی وڈ اداکار اکشے کمار اور جان ابراہم کی فلمیں ’گولڈ‘ اور ’ستیہ میوا جیتے‘ 15 اگست یعنی بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر سینما گھروں میں ریلیز کے لیے پیش کی گئیں۔

ان دونوں فلموں نے ہی اپنی ریلیز کے پہلے روز دھوم مچادی۔

فلم ’گولڈ‘ کی کہانی 1936 سے 1948 کے عرصے کے درمیان گھومتی ہے، تاہم فلم کا زیادہ وقت برصغیر کی تقسیم کے بعد آزاد ہندوستان کے ابتدائی 2 سال کے وقت کے گرد گھومتا ہے۔

فلم کی کہانی آزاد بھارت کی پہلی ہاکی ٹیم پر مبنی ہے، جس نے 1948 میں برطانیہ میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں ماضی میں خود پر حکومت کرنے والے ملک کو ہرا کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔

فلم میں اکشے کمار نے بنگالی ہاکی کوچ تپن داس کا کردار ادا کیا ہے، جس نے 1948 میں نہ صرف بھارت سرکار بلکہ اس وقت ہاکی کھیلنے والے کھلاڑیوں کو بھی اکٹھا کرکے ہاکی کھیلنے اور برطانیہ کو ہرانے کے لیے جمع کیا۔

اس فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے روز باکس آفس پر 25 کروڑ ہندوستانی روپے کمائے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم نے اکشے کمار کی اب تک ریلیز ہونے والی تمام فلموں کے پہلے روز کی کمائی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

دوسری جانب جان ابراہم کی فلم ’ستیہ میوا جیتے‘ اپنی ریلیز کے پہلے روز 21 کروڑ ہندوستانی روپے کما پائی۔

بولی ود تجزیہ کار ترن ادرش نے ٹوئٹر پر فلم کی اس کمائی کو مداحوں سے شیئر کیا۔

اس فلم میں جان ابراہم کے ساتھ عائشہ شرما نامی اداکارہ نے کام کیا۔

فلم میں جان نے پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں