اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر کردیا گیا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں امور چلانے کے قواعد و ضوابط کے مطابق شہباز شریف کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ 111 نومنتخب اراکین قومی اسمبلی نے شہباز شریف کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔

ایوانِ زیریں کے دوسرے اجلاس میں اسد قیصر نے ایوان کو بتایا کہ انہیں قائد حزبِ اختلاف کے لیے شہباز شریف کے کاغذاتِ نامزدگی موصول ہوئے ہیں، جس پر 111 اراکینِ کے دستخط موجود ہیں۔

پیپلز پارٹی کے ارکان نے بھی شہباز شریف کی نامزدگی کی درخواست پر دستخط کیے تھے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کردار شہباز شریف ادا کریں گے؟

یاد رہے کہ 17 اگست کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان 176 ووٹ حاصل کرکے قائد ایوان منتخب ہوئے تھے، جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے تھے۔

پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے قائد ایوان کے لیے شہباز شریف کو ووٹ دینے سے گریز کیا اور وزیر اعظم کی رائے شماری میں حصہ ہی نہیں لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں