اکشے کمار کی ‘گولڈ’ 100 کروڑ کلب میں شامل

اپ ڈیٹ 28 اگست 2018
فلم کو 15 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو 15 اگست کو ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کی اسپورٹس فلم ‘گولڈ’ ریلیز کے 13 دن بعد 100 کروڑ کلب کا حصہ بن گئی۔

‘گولڈ’ کو بھارت کی یوم آزادی یعنی 15 اگست پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

فلم نے پہلے دن ہی دن 25 کروڑ روپے کما کر دیگر فلموں کے لیے جہاں خطرے کی گھنٹی بجادی تھی، وہیں وہ پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی کرنے والی فلم بھی بنی تھی۔

تاہم اب فلم نے 13 دن کے اندر 100 کروڑ روپے کمالیے۔

فلمی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئیٹ کی کہ ریلیز کے ابتدائی 13 دن کے اندر 100 کروڑ روپے کمالیے، فلم 27 اگست کو سب سے کم یعنی ڈیڑھ کروڑ روپے کما کر 100 کروڑ کلب کا حصہ بنی۔

یہ بھی پڑھیں: ’گولڈ‘ نے ریلیز کے پہلے دن دھوم مچادی

100 کروڑ روپے کمانے کے ساتھ ہی ‘گولڈ’ رواں برس 100 کروڑ روپے کمانے والی 8 ویں فلم بن گئی، جب کہ وہ اکشے کمار نویں فلم ہے جو اس کلب میں شامل ہوئی۔

‘گولڈ’ سے قبل رواں برس ریلیز ہونے والی ‘پدماوت، سونو کے ٹیٹو کی سوئیٹی، ریڈ، باغی 2، راضی، ریس تھری اور سنجو’ 100 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

ان میں سے ‘سنجو’ اب تک 500 کروڑ روپے سے زائد کمانے والی 2018 کی پہلی فلم بن گئی ہے، ساتھ ہی اس فلم نے کمائی کے کئی نئے ریکارڈ بناتے ہوئے بولی وڈ خانز کی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑا۔

یوں ‘گولڈ’ اکشے کمار کی رواں برس کی پہلی فلم ہے جو 100 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی، اس فلم نے اکشے کمار کی رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ‘پیڈ مین’ کو بھی کامیابی میں پیھچے چھوڑ دیا۔

‘پیڈ مین’ 78 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی تھی، جب کہ ‘گولڈ’ 2 ہفتوں میں ہی 100 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوگئی۔

مزید پڑھیں: برٹش انڈیا کا پاگل بنگالی اور اکشے کمار کا ’گولڈ‘ وعدہ

اس فلم سے قبل اکشے کمار کی ‘ٹوائلٹ ایک پریم کتھا، ایئرلفٹ، جولی ایل ایل بی 2۔ رستم اور ہاؤس فل تھری’ سمیت دیگر فلمیں 100 کروڑ کمانے میں کامیاب گئی تھیں۔

مونی راؤ نے اکشے کی اہلیہ کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
مونی راؤ نے اکشے کی اہلیہ کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

‘گولڈ’ میں اکشے کمار کے ساتھ نئی اداکارہ مونی راؤ نے کردار ادا کیا ہے، انہوں نے اکشے کمار کی اہلیہ کا کردار نبھایا۔

’گولڈ‘ کی کہانی 1936 سے 1948 کے عرصے کے درمیان گھومتی ہے، تاہم فلم کا زیادہ وقت برصغیر کی تقسیم کے بعد آزاد ہندوستان کے ابتدائی 2 سال کے وقت کے گرد گھومتا ہے۔

فلم کی کہانی آزاد بھارت کی پہلی ہاکی ٹیم پر مبنی ہے، جس نے 1948 میں برطانیہ میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں ماضی میں خود پر حکومت کرنے والے ملک کو ہرا کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔

فلم میں اکشے کمار نے بنگالی ہاکی کوچ تپن داس کا کردار ادا کیا ہے، جس نے 1948 میں نہ صرف بھارت سرکار بلکہ اس وقت ہاکی کھیلنے والے کھلاڑیوں کو بھی اکٹھا کرکے ہاکی کھیلنے اور برطانیہ کو ہرانے کے لیے جمع کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں