رواں برس 23 جون کو سعودی عرب میں جہاں پہلی مرتبہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی گئی تھی، اب وہیں 5 خواتین کو پائلٹ کا لائسنس جاری کردیا گیا۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی ایویشن ایشن اتھارٹی ‘دی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن’ (جی اے سی اے) نے 5 خواتین کو پائلٹ کے لائسنس جاری کردیے۔

جن 5 خواتین کو لائسنس جاری کیے گئے، وہ سعودی عرب کی ایئر لائن میں بطور کیپٹن خدمات سر انجام دیں گی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ایک ساتھ اتنی خواتین کو پائلٹ کے لائسنس کا اجرا کیا گیا، خواتین کو جی اے سی اے کے خواتین کی خود مختاری پروگرام کے تحت لائسنس دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں خواتین نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی

سعودی ایوی ایشن نے ‘انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائیزیشن’ (آئی سی اے آئی) کے مقاصد پر عمل کرتے ہوئے خواتین کو خود مختاری دینے کے لیے پہلے ہی متعدد شعبوں میں انہیں بھرتی کر رکھا ہے۔

حال ہی میں سعودی ایوی ایشن نے درجنوں خواتین کو مختلف شعبوں میں نوکریاں بھی فراہم کی ہیں۔

خیال رہے کہ پہلی مرتبہ سعودی خاتون کو 4 سال قبل 2014 میں جہاز اڑانے کا لائسنس جاری کیا گیا تھا۔

حناد الہندی کو 35 سال کی عمر میں اپریل 2014 میں لائسنس جاری کیا گیا تھا۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ خواتین کو سعودی حکام کی جانب سے جہاز اڑانے کا باقاعدہ لائسنس جاری کیا گیا ہے، تاہم حکام نے یہ نہیں بتایا کہ خواتین کس ایئر لائن میں خدمات انجام دیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں