جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بن گئے اور ایونٹ کے چوتھے ایڈیشن میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان سپر لیگ کے اکاؤنٹ سے کیے گئے ٹوئٹ میں اس بات کا اعلان کیا گیا کہ پی ایس ایل سیزن 4 میں جنوبی افریقی کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔

اس حوالے سے ٹوئٹ میں اے بی ڈی ویلیئرز نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پی ایس ایل دنیا بھر کے بڑے ٹی20 ٹورنامنٹ میں سے ایک ہے اور یہ پاکستانیوں کے لیے تفریح کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: پاکستان آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کے حتمی نام سامنے آگئے

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل میں نے پی ایس ایل کے میچ دیکھیں ہیں لیکن 2019 مختلف ہوگا اور میں خود پاکستان سپر لیگ کے سیزن 4 کا حصہ ہوں گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے بھی اے بی ڈی ویلیئرز کی پی ایس ایل میں شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں اے بی ڈویلیئرز کا آنا باعث فخر ہے اور جنوبی افریقی کھلاڑی کے آنے سے نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اےبی ڈی ویلیئرز نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے 3 سیزن کھیلے جاچکے ہیں، جس میں جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز شامل نہیں تھے۔

114 ٹیسٹ میچز، 228 ایک روزہ میچز اور 78 ٹی20 میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے والے ڈی ویلیئرز نے رواں سال مئی میں اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب سے کو حیران کردیا تھا۔

سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ ’میں نے یہ تلخ فیصلہ لینے کے لیے کافی وقت لیا اور اس کے بارے میں کافی دنوں تک سوچا، تاہم میں اب کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینا چاہوں گا، جبکہ میں ابھی بھی بہتر کھیل پیش کر رہا ہوں۔

البتہ انہوں نے یہ واضح کیا تھا کہ وہ کلب کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سینچری اور نصف سنچری بنانے کا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوری 2015 میں انجام دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں