کراچی: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں تقریباً 4 ارب ڈالر کا ترسیلات زر بھیجا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست میں ترسیلات زر میں 13.45 فیصد اضافہ ہوا اور ملک میں 3.966 ارب ڈالر کی ترسیل کی گئی۔

مرکزی بینک کی جانب سے کہا گیا کہ اگست میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے 2.037 ارب ڈالر کے ترسیلات زر بھیجے گئے، جو رواں مالی سال جولائی سے 5.6 فیصد اور اگست 2017 سے 4.24 فیصد زائد ہے۔

برآمدات کے بعد ترسیلات زر کا ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں انتہائی اہم کردار ہے۔

مالی سال 18-2017 کے دوران پاکستان کے ترسیلات زر، برآمدات سے حاصل ہونے والی کُل آمدنی کے برابر تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب، عمان، بحرین سے غیر ملکی ترسیلات زر میں کمی

رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سب سے زیادہ ترسیلات زر 31.5 اضافے سے امریکا سے بھیجے گئے جن کی مالیت 59 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی۔

برطانیہ سے، جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے، ترسیلات زر میں 24 فیصد کا اضافہ ہوا اور جولائی، اگست میں وہاں سے 55 کروڑ 60 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔

اس کے علاوہ خلیجی ممالک میں متحدہ عرب امارات سے ان دو ماہ میں ترسیلات زر 15.4 فیصد اضافے سے 89 کروڑ 40 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اپنا تجارتی خسارہ کیسے کم کر سکتا ہے؟

یورپی ممالک سے بھیجے جانے والے ترسیلات زر میں بھی 8.4 فیصد اضافہ ہوا اور وہاں سے 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر بھیجے گئے۔

سعودی عرب سے بھیجے جانے والے ترسیلات زر میں ایک اعشاریہ 86 فیصد کی کمی ہوئی اور 90 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی ترسیل کی گئی۔


یہ خبر 11 ستمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں