ایشیا کپ: ہانگ کانگ کو دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کے ہاتھوں شکست

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2018
شیکھر دھاون نے 127 رنز کی اننگز کے دوران دو چھکے اور 15 چوکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی
شیکھر دھاون نے 127 رنز کی اننگز کے دوران دو چھکے اور 15 چوکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے اوپنرز کی جرات مندانہ بیٹنگ کے باوجود بھارت نے ہانگ کانگ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 26رنز سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔

دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔

کپتان روہت شرما اور دھاون نے اپنی ٹیم کو 45رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس سے قبل روہت خطرناک ثابت ہوتے، احسان خان نے 23 رنز بنانے والے بلے باز کو پویلین رخصت کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخ کا مشکل ترین ایشیا کپ؟

اس موقع پر دھاون کا ساتھ دینے امبتی رائیڈو آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 116 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا، احسان نواز نے رائیڈو کی اہم وکٹ حاصل کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 60 رنز بنائے تھے۔

دوسرے اینڈ سے دھاون کی عمدہ بیٹنگ جاری رہی اور انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 14ویں سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ 33 رنز بنانے والے دنیش کارتھک کے ہمراہ 79رنز جوڑے۔

مزید پڑھیں: کوہلی کے نہ کھیلنے سے بھارتی ٹیم کو فرق پڑسکتا ہے، سرفراز

دھاون 127رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی ٹیم تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہی اور آخری 10 اوورز میں صرف 6 کی اوسط سے بھی اسکور نہ کرسکی۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 285رنز بنائے۔

ہانگ کانگ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو نزاکت خان اور انشے رتھ نے قدرے کمزور بھارتی باؤلنگ لائن اپ کے خلاف اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

مزید پڑھیں: قومی ٹیم کن وجوہات کی بنا پر بھارتی ٹیم سے بہتر؟

پاکستان کے خلاف میچ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے بھارت نے اس میچ میں اپنے اہم باؤلرز جسپریت بمراہ اور ہردک پانڈیا کو فائنل الیون کا حصہ نہیں بنایا۔

ہانگ کانگ کے اوپنرز نے ابتدائی اوورز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا خصوصاً نزاکت نے تمام بھارتی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے ہانگ کانگ کے لیے ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی 174 رنز کی شراکت قائم کی اور ایک موقع پر ایسا لگتا تھا کہ شاید ہانگ کانگ کی ٹیم نئی تاریخ رقم کردے لیکن کلدیپ یادو نے اپنی ٹیم کو اہم وکٹ دلا کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔

کلدیپ نے ایک اینڈ سے انشومن کی وکٹ حاصل کی اور پھر اگلے ہی اوور میں خلیل احمد نے نزاکت کا کام تمام کردیا، نزاکت نے 92 اور انشومن نے 73رنز کی اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں: ہانگ کانگ نے بھارت کے خلاف تاریخ رقم کردی

لگاتار دو وکٹیں گرنے کے بعد بھارتی ٹیم نے میچ میں بھرپور انداز میں واپسی کی اور تجربے کی کمی کے سبب ہانگ کانگ کی ٹیم اس کے بعد سنبھل نہ سکی۔

بابر حیات 18، احسان خان 22 اور کنچیت شاہ 17 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے لیکن وہ اپنی ٹیم کو میچ میں کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔

ہانگ کانگ کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنا سکی اور بھارت نے میچ میں 26رنز سے کامیابی حاصل کر کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔

بھارت کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے محمد خلیل اور یزویندر شاہل نے 3،3 اور کلدیپ یادو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں