ایشیا کپ: بھارت اور افغانستان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2018
افغانستان کے کھلاڑی میچ میں فتح کے بعد جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
افغانستان کے کھلاڑی میچ میں فتح کے بعد جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ میں بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہو گیا ہے اور افغانستان نے ایشیا کپ میں بھارت کی فتوحات کا خاتمہ کردیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹیم میں پانچ تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والی بھارتی ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت نے میچ کے لیے اوپنر شیکھر دھاون، روہت شرما، یزویندر شاہل، جسپریت بمراہ اور بھوونیشور کمار کو آرام کرایا اور ان کی جگہ لوکیش راہل، خلیل احمد، منیش پانڈے، دیپک چاہر اور سدہارتھ کول کو ٹیم کا حصہ بنایا۔

مزید پڑھیں: شہزاد کی سنچری، شاہد آفریدی کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا

افغان اوپنر نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور جاوید احمدی کے ہمراہ ٹیم کو 65رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس میں جاوید کا حصہ محض پانچ رنز تھا۔

تاہم اس موقع پر بھارتی اسپنرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے بڑے ہدف کی جانب گامزن افغانستان کی ٹیم کی یکے بعد دیگرے چار وکٹیں لے کر انہیں مشکلات سے دوچار کردیا۔

جاوید احمدی 5، رحمت شاہ 3 بنا کر جدیجا کی وکٹ بنے جبکہ کلدیپ یادو نے لگاتار گیندوں پر حشمت اللہ شاہدی اور اصغر کا کام تمام کیا۔

بھارت کے خلاف سنچری کی تکمیل پر محمد شہزاد جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے پی
بھارت کے خلاف سنچری کی تکمیل پر محمد شہزاد جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے پی

82رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد شہزاد کا ساتھ دینے گلبدین نائب آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 50رنز کی شراکت قائم کی جبکہ اس دوران شہزاد نے اپنی ریکارڈ ساز سنچری بھی مکمل کر لی۔

یہ بھی پڑھیں: 2019ء کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ چلنے کا موڈ ہے؟

تاہم 132 کے اسکور پر دیپک چاہر نے گلبدین کو آؤٹ کر کے انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ بنا لیا۔

شہزاد نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور تجربہ کار محمد نبی کے ساتھ مل کر اسکور کو 180تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ٹیم کی بڑے اسکور کی راہ بھی ہموار کی۔

محمد شہزاد نے آؤٹ ہونے سے قبل 116 گیندوں پر 7 چھکوں اور 11چوکوں کی مدد سے 124 رنز بنائے۔

شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد نبی نے ذمے داری سنبھالی اور نجیب اللہ زدران کے ہمراہ اسکور کو 226 تک پہنچا دیا، وہ چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 64رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اختتامی اوورز میں افغانستان کی ٹیم زیادہ تیز رفتاری سے رنز نہ بنا سکی اور مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 252رنز بنا سکی۔

مزید پڑھیں: اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش: عمر اکمل کیخلاف آئی سی سی کی تحقیقات

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2018 میں یہ بھارت کے خلاف اب تک کسی بھی ٹیم کا پہلے بیٹنگ کے لیے سب سے بڑا اسکور ہے اور کوئی بھی ٹیم انہیں جیت کے لیے اس سے بڑا ہدف نہیں دے سکی۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا 3وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ کلدیپ یادو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز امبتی رائیڈو اور لوکیش راہل نے 110 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کو کافی حد تک یکطرفہ بنا دیا لیکن اس موقع پر افغان اسپنرز عمدہ باؤلنگ کے ذریعے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔

راہل 60 اور رائیڈو 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ قائم مقام کپتان مہندرا سنگھ دھونی صرف 8رنز بنا سکے۔

دنیش کارتھک اور منیش پانڈے نے اسکور 166 تک پہنچایا لیکن پانڈے کی اننگز بھی صرف 8رنز پر ہی تمام ہوئی۔

کیدار جادھو وکٹ پر آئے تو کارتھک کے ساتھ مل کر ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی پھر یکے بعد دیگر دونوں کھلاڑی بالترتیب 19 اور 44 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے ساتھ ہی میچ دلچسپ شکل اختیار کر گیا۔

205 پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد رویندرا جدیجا کا ساتھ دینے کے لیے پہلا میچ کھیلنے والے دیپک چاہر آئے اور دونوں نے 21رنز جوڑ کر بتدریج ہدف کی جانب پیش قدمی کی لیکن آفتاب عالم نے چاہر کی وکٹیں بکھیر کر ایک مرتبہ اپنی ٹیم کی میچ میں کامیابی کی امیدیں روشن کر دیں۔

بھارتی بلے باز کلدیپ یادو کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی
بھارتی بلے باز کلدیپ یادو کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی

اختتامی اوورز میں بھارتی بیٹنگ لائن افرا تفریح کا شکار نظر آئی اور 49ویں اوور میں کلدیپ یادو کے بعد سدہارتھ کول کے رن آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم 9وکٹوں سے محروم ہو گئی۔

میچ کے آخری اوور میں بھارت کو فتح کے لیے 7 رنز درکار تھے اور جدیجا نے راشد خان کی پہلی گیند روکنے کے بعد دوسری گیند کو باؤنڈری کے پار بھیج دیا۔

اس کی اگلی گیند پر جدیجا نے ایک رن لیا جبکہ اگلی گیند پر خلیل نے بھی سنگل لے کر مقابلہ برابر کردیا اور بھارت کو آخری دو گیندوں پر جیت کے لیے ایک رن درکار تھا۔

تاہم جدیجا اپنے اعصاب پر قابو نہ رکھ سکے اور بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہو گئے اور میچ دونوں ٹیموں کے اسکور کی برابری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان، محمد نبی اور آفتاب عالم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

محمد شہزاد کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں