کراچی کے علاقے سعید آباد میں ایک روز قبل اسکول میں ہوائی فائر لگنے سے زخمی ہونے والی 7 سالہ بچی ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔

سعید آباد کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) عرض محمد کا کہنا تھا کہ بچی اسکول کے گراؤنڈ میں دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ نامعلوم سمت آنے والے گولی ان کے کندھے پر لگی اور وہ شدید زخمی ہوئی تھیں۔

ایس ایچ او نے کہا کہ بچی کو فوری طور ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کردیا گیا تھا تاہم بعد میں انہیں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کیئر بھیج دیا گیا تھا جہاں وہ اتوار کو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

ہسپتال انتظامیہ نے اہم قانونی معاملات کو مکمل کرنے کے بعد بچی کی لاش کو ورثا کے حوالے کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:مقابلے کے دوران پولیس کی فائرنگ سے بچی جاں بحق ہوئی، پولیس کا اعتراف

ایس ایچ او عرض محمد نے کہا کہ بچی کے والد کی شکایت پر پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے تفتیش ابھی جاری ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال13 اگست کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈکیتوں سے مسلح مقابلے کے دوران پولیس کے فائر سے 10 سالہ بچی جاں بحق ہوئی تھی جس کا اعتراف ڈی آئی جی جنوبی جاوید عالم اوڈھو نے ایک پریس کانفرنس میں کیا تھا۔

مزید پڑھیں:کراچی: پولیس مقابلے میں 10 سالہ بچی کی ہلاکت پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس

جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے غیر ارادی طور پر فائر لگنے سے 10 سالہ بچی امل عمر جاں بحق ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ مقابلے میں شامل پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

بعد ازاں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈان اخبار میں شائع مقتولہ بچی کی والدہ کے ایک مضمون پر از خود نوٹس لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں