پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان سے باہرلندن تو کیا دنیا میں کہیں بھی میری کوئی جائیداد نہیں۔

سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے لندن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں میرے 2 فلیٹس کا دعویٰ جھوٹا ہے۔

اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ لندن میں جائیداد سے متعلق یہ الزامات میرے خلاف چلائی گئی منفی مہم کاحصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرمملکت شہزاد اکبر کے الزامات حقائق کے منافی ہیں اگر وہ سچے ہیں تو فلیٹس کی تفصیلات منظرعام پر لائیں۔

اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے الزامات لگائے جارہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت انتقامی کارروائیوں کے لیے نیب کو استعمال کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں : میری فیکٹریاں نہیں چلتیں جس کے لیے ٹیکس بچاؤں، اسحٰق ڈار

خیال رہے کہ چند روز قبل نجی ٹی وی سے گفتگو میں اسحٰق ڈار نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور ٹیکس بچانے کے الزامات کو ایک مرتبہ پھر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیماری کی وجہ سے لندن میں موجود ہوں، صحت ٹھیک ہوتے ہی وطن واپس لوٹ آؤں گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ مجھ پر ٹیکس بچانے کے حوالے سے لگایا گیا الزام بے بنیاد ہے، میری کوئی فیکٹریاں نہیں چلتیں جس کے لیے ٹیکس بچاؤں۔

اپنے اثاثوں کی نیلامی پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے پرویز مشرف کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ایک آمر کے گھر کو ڈی سیل کیا جا رہا ہے اور میرے اثاثے نیلام کیے جا رہے ہیں لیکن یہ جو کرنا ہے کر لیں، میری جائیدادیں اللہ کی امانت ہیں۔

واضح رہے کہ 2 اکتوبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحٰق ڈار کے اثاثے نیلام کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : احتساب عدالت کا اسحٰق ڈار کے اثاثے نیلام کرنے کا حکم

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ صوبائی حکومت کو یہ اختیار ہے کہ وہ اسحٰق ڈار کی جائیداد کو نیلام کرے یا اپنے پاس رکھے۔

اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے اسحٰق ڈار کی جائیداد کو نیلام کرنے سے متعلق احتساب عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں نیب نے موقف اختیار کیا تھا کہ جائیداد قرق کرنے کے 6 ماہ بعد تک ملزم عدالت سے رجوع کر سکتا ہے، تاہم ملزم کی جانب سے ابھی تک کوئی اعتراض نہیں کیا گیا لہٰذا ان کی جائیداد نیلام کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

noman ahmed Oct 08, 2018 09:10am
meri LONDON to kya Pakistan me bhe koi property nahi ki baimesaal kamyabi ke baad paish-e-khidmat hai meri LONDON to kya Poori dunya me kahi bhi koi property nahi hai