اداکارہ کا دوسری اداکارہ پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2018
دونوں نے 2009 میں کیریئر کا آغاز کیا—فائل فوٹو: نیوز ایکس / فیس بک
دونوں نے 2009 میں کیریئر کا آغاز کیا—فائل فوٹو: نیوز ایکس / فیس بک

بھارت میں گزشتہ 2 ہفتوں سے اداکارائیں اور دیگر خواتین اپنے ساتھ ہونے والے نامناسب واقعات اور جنسی طور پر ہراساں کیے جانے سے متعلق کھل کر بات کر رہی ہیں۔

اگرچہ بھارت میں بھی کئی ماہ سے خواتین ایسے واقعات شیئر کر رہی تھیں، تاہم گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کے بعد خواتین کی جانب سے ایسے واقعات سامنے لانے میں تیزی آگئی۔

اب جہاں کنگنا رناوٹ اور پوجا بھٹ جیسی اداکاراؤں نے اپنے ساتھ ہونے والے نامناسب واقعات کو بیان کیا ہے۔

وہیں کچھ صحافی خواتین نے بھی اپنے تجربات شیئر کیے اور بھارتی اسٹیٹ وزیر خارجہ پر بھی جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام لگا۔

تاہم اب پہلی بار بھارت میں ایک خاتون نے دوسری خاتون پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کردیا۔

جنوبی افریقی نژاد کامیڈین، میزبان اور اداکارہ 34 سالہ کنیز سرکا نے ساتھی اداکارہ، کامیڈین اور لکھاری 30 سالہ ادیتی متل پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔

کنیز سرکا نے اپنی ٹوئیٹ کے ذریعے لمبی چوڑی پوسٹ میں بتایا کہ ان کے ساتھ نامناسب واقعہ 2 سال قبل اس وقت پیش آیا، جب وہ ممبئی کے معروف علاقے آندھرے بیس میں ایک پروگرام کی میزبانی کر رہی تھیں۔

میزبان و کامیڈین نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ وہ اس وقت حیران رہ گئیں، جب انہیں اسٹیج پر کم سے کم 100 افراد اور متعدد کامیڈینز کے سامنے اداکارہ ادیتی متل نے نامناسب انداز میں چھوکر بوسہ دیا۔

کنیز سرکا نے الزام عائد کیا کہ ادیتی متل نے ان کی رضامندی کے بغیر انہیں بوسہ دیا، جس پر وہ حیران رہ گئیں اور وہ اس صدمے سے کافی عرصے تک دوچار رہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ساتھی کامیڈین کے اس رویے پر کافی پریشان رہیں اور انہیں یہ سب ناگوار گزرا۔

جنوبی افریقی نژاد بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہر شخص کی اپنی پسند ہوتی ہے، تاہم اس واقعے میں ان کی رضامندی کے بغیر ان کے ساتھ ایسا کیا گیا، جس سے وہ ذہنی اذیت میں مبتلا رہیں۔

کنیز سرکا کی پیدائش جنوبی افریقہ میں ہوئی—فوٹو: انسٹاگرام
کنیز سرکا کی پیدائش جنوبی افریقہ میں ہوئی—فوٹو: انسٹاگرام

کنیز سرکا کے مطابق بعد ازاں اگرچہ ادیتی متل نے ان سے اپنے نازیبا رویے پر معافی بھی مانگی، تاہم پھر بھی ان کی طبعیت میں انہیں ایسا ہی انداز نظر آیا۔

ساتھ ہی اپنی پوسٹ میں انہوں نے اداکارہ اور کامیڈین ادیتی متل پر تنقید بھی کی اور کہا کہ آج انہیں سوشل میڈیا پر چیمپیئن سمجھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب 30 سالہ اسٹینڈ اپ کامیڈین، اداکارہ اور لکھاری ادیتی متل نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ انہوں نے 2 سال قبل نازیبا رویہ اپنایا، تاہم واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔

ادیتی متل نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کنیز سرکا کو بوسہ دیا، تاہم انہوں نے جنسی طور پر ساتھی کامیڈین کو اُس طرح بوسہ نہیں دیا تھا، جس طرح اسے پیش کیا جا رہا ہے۔

ادیتی متل کے مطابق بعد ازاں 2017 میں انہیں احساس ہوا کہ انہوں نے غلط کیا ہے تو انہوں نے کنیز سرکار سے غیر مشروط معافی بھی مانگی تھی۔

خیال رہے کہ کنیز سرکا جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئیں اور وہیں پلی بڑھیں، بعد ازاں وہ 2009 میں بھارت منتقل ہوگئیں، جہاں انہوں نے کامیڈین کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا۔

اب تک کنیز سرکا نے متعدد کامیڈی پروگراموں کی میزبانی کرنے سمیت اسٹیج تھیٹرز میں بھی پرفارمنس کی ہے، علاوہ ازیں وہ یوٹیوب اور ویب اسٹریمنگ چینلز پر بھی کامیڈی پروگرام کرتی نظر آتی ہیں۔

ادیتی متل بھی اسٹینڈ اپ کامیڈین، لکھاری اور میزبان ہیں، انہوں نے 2009 سے کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک وہ بھی متعدد پروگراموں، اسٹیج تھیٹرز اور ریئلٹی شوز میں پرفارمنس کر چکی ہیں۔

دونوں خواتین نے ایک ساتھ بھی کئی پروگراموں میں شرکت کی ہے، تاہم اب پہلی بار انہوں نے ایک دوسرے پر الزامات لگائے ہیں۔

ادیتی متل نے واقعے ہونے کی تصدیق کی—فوٹو: انسٹاگرام
ادیتی متل نے واقعے ہونے کی تصدیق کی—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں