ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 538 رنز کا ہدف دے دیا

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2018
بابر اعظم (بائیں) اور اسد شفیق (دائیں) رننگ کر رہے ہیں — فوٹو، اے پی
بابر اعظم (بائیں) اور اسد شفیق (دائیں) رننگ کر رہے ہیں — فوٹو، اے پی

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 400 رنز پر ڈکلئیرڈ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 538 رنز کا مشکل ہدف دے دیا، جس کے تعاقب میں تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلوی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز بنالیے۔

آسٹریلوی اوپنر شان مارش 4 رنز بناکر میر حمزہ کی خوبصورت گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

جب تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو وکٹ پر ایرون فنچ 24 رنز اور ٹریوس ہیڈ 17 رنز پر کریز پر موجود تھے۔

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن پاکستان نے دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا تو حارث سہیل گزشتہ روز کے اسکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

تاہم 6 رنز بعد ہی سابق کپتان اظہر علی مضحکہ خیز طریقے سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، جس کے بعد اسد شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا لیکن اسد شفیق بھی 235 رنز کے مجموعے پر 44 رنز بنا کر لبوشین کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔

پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور نوجوان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کی برتری کو 500 رنز تک پہنچا دیا۔

مزید پڑھیں: اظہر علی مزاحیہ طریقے سے رن آؤٹ

دریں اثنا بابر اعظم اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کر سکے اور مچل مارش کی گیند پر 99 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم اب تک 13 ٹیسٹ میچ کھیلے چکے ہیں جس میں انہوں نے 6 نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی تھی، جس میں فخر زمان اور سرفراز احمد نے 94، 94 رنز اسکور کیے تھے۔

پاکستان کے محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے دوسرے دن 33 رنز دے کر 5 آسٹریلین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ان کی اننگز 145 رنز پر تمام کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عباس کی تباہ کن باؤلنگ، پاکستان کو 281رنز کی برتری حاصل

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو محمد حفیظ میچ میں دوسری مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور 6 رنز بنانے کے بعد 15 کے مجموعے پر اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

حفیظ کے بعد اظہر علی اور فخرزمان نے آسٹریلین کھلاڑیوں کے چیلنگ کو قبول کیا اور ٹیم کا اسکور 106 رنز تک پہنچایا جہاں فخر زمان 66 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے تھے۔

میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا لیے تھے اور انہیں 281 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں