جنسی ہراساں کے الزامات پر دپیکا کے مینیجر کی خودکشی کی کوشش

19 اکتوبر 2018
انرباہ داس بلا پر متعدد خواتین نے الزامات عائد کر رکھے ہیں—فائل فوٹو: پنک ولا
انرباہ داس بلا پر متعدد خواتین نے الزامات عائد کر رکھے ہیں—فائل فوٹو: پنک ولا

بھارت میں ان دنوں می ٹو مہم جاری ہے اور متعدد اداکارائیں، صحافی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بات کر چکی ہیں۔

می ٹو مہم کے تحت جہاں اداکار نانا پاٹیکر، آلوک ناتھ، رجت کپور اور ہدایت کار وکاس بہل، سبھاش گھائے اور موسیقار انو ملک سمیت ٹی سیریز کے سربراہ بشن کمار پر جنسی طور پر خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام لگ چکا ہے۔

وہیں سیف علی خان اور ثاقب سلیم جیسے مرد اداکاروں نے بھی خود کو ہراساں کیے جانے کے حوالے سے بات کی۔

ایسے ہی بھارت کی کامیڈین اداکارہ کنیز سرکا نے بھی ساتھی اداکارہ ادیتی متل پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

اسی مہم کے تحت ہی اداکارہ دپیکا پڈوکون کے سابق مینیجر اور ایک ٹیلنٹ فلم ایجنسی کے شریک بانی انرباہ داس بلا پر بھی متعدد نئی اداکاراؤں اور ماڈلز نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کے الزامات عائد کیے تھے۔

اداکاراؤں کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں اور ریپ کے الزامات کے بعد انرباہ داس بلا نے اگرچہ الزامات کو مسترد کیا تھا، تاہم مسلسل ذہنی پریشانی اور دباؤ کے باعث انہوں نے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق انرباہ داس بالا نے گزشتہ شب 12 بجے کے بعد ممبئی کے واشی پرانا پل سے کود کر زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی، تاہم خوش قسمتی سے انہیں ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بچالیا۔

رپورٹ کے مطابق انرباہ داس بلا نے پل سے نیچے چھلانگ لگانے کی کوشش کی، تاہم وہاں موجود ٹریفک پولیس اہلکاروں نے انہیں بچالیا، جنہوں نے بعد میں پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر انرباہ داس بلا کو تھانے منتقل کیا،جہاں ابتدائی تفتیش کے بعد انہیں کسی رشتہ دار کے ساتھ گھر بھجوادیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق انرباہ داس بلا نے پولیس کو بتایا کہ وہ اداکاراؤں کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں اور ریپ الزامات عائد کیے جانے کے بعد سخت دباؤ اور ڈپریشن کا شکار تھے۔

انرباہ داس بلا کے مطابق الزامات نے ان کا سکون اور زندگی ختم کردی، جس وجہ سے انہوں نے ڈپریشن میں آکر زندگی کو ختم کرنے کی کوشش کی۔

ساتھ ہی انرباہ داس بلا کا کہنا تھا کہ ان پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں،وہ ہمیشہ نئی اداکاراؤں کے ساتھ دوستانہ رویے سے پیش آئے۔

خیال رہے کہ انرباہ داس بلا پر متعدد نئی اداکاراؤں نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ سمیت جنسی تعلقات کے مطالبے جیسے الزامات لگائے تھے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق انرباہ داس بلا پر الزام لگانے والی زیادہ تر اداکارائیں نئی تھیں، جنہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹیلنٹ ایجنسی کے مینیجر نے ان سے فلموں سمیت دیگر شوبز منصوبوں میں کام کے بدلے غیر فطری جسمانی تعلقات سمیت نازیبا طرح کے مطالبات کیے۔

انرباہ داس بلا پر الزامات سامنے آںے کے بعد انہیں دپیکا پڈوکون کی ذہنی صحت کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیم ‘ دی لائیو لو لاف فاؤنڈیشن‘ نے ملازمت سے فارغ کردیا تھا۔

انرباہ داس بلا دپیکا پڈوکون کی اس فاؤںڈیشن سے قبل ان کے مینیجر کی خدمات بھی دیتے رہے تھے،علاوہ ازیں انہوں نے ایک ٹیلنٹ ایجنسی بھی کھول رکھی ہے۔

انرباہ داس بلا نے ‘کیون انٹرٹینمنٹ’ کے نام شوبز ٹیلنٹ ایجنسی کھول رکھی ہے، وہ اس کمپنی کے شریک بانی ہیں۔

انرباہ داس بلا پر اداکاراؤں کی جانب سے الزامات سامنے آںے کے بعد تاحال دپیکا پڈوکون نے ذاتی طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں