اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے 247 (کراچی)، سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 (کراچی) اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 (پشاور) میں 21 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں 8 لاکھ 58 ہزار 866 مرد و خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

واضح رہے کہ تینوں حلقوں میں منتخب ارکان مستعفی ہوئے تھے جس میں ایک عارف علوی صدر مملکت اور دیگر 2 اپنے صوبوں میں گورنرز کے عہدے سنبھالے جن میں عمران اسماعیل اور شاہ فرمان شامل ہیں۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ این اے 247 (کراچی) میں 240 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ 5 لاکھ 46 ہزار 451 ووٹرز ضمنی انتخاب میں ووٹ ڈال سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تین جماعتیں،3 انتخابات، کس نے کیا کھویا، کیا پایا؟

علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے حلقے میں فرائض انجام دینے والے پولنگ عملے کی تعداد 946 مشتمل ہوگی اور اس حلقے میں 12 امیدوار مد مقابل ہیں۔

علاوہ ازیں یہ بھی بتایا گیا کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 (کراچی) میں 80 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گیے ہیں جہاں ایک لاکھ 69 ہزار 965 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

سندھ اسمبلی کے حلقے میں 80 پریزائڈنگ افسران اور 320 اسسٹنٹ پولنگ افسران فرائض انجام دیں گے تاہم پی ایس 111 میں 14 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔

مزید پڑھیں: انتخابات 2018: دیہی حلقوں سے متعلق منفرد حقائق

ای سی پی کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 71 (پشاور) میں ضمنی انتخاب کے لیے 86 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گیے ہیں اور اس میں ایک لاکھ 33 ہزار 451 ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔

علاوہ ازیں پشاور کے حلقے میں 86 پریزائڈنگ افسران اور 307 اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران فرائض انجام دیں گے اور5 انتخابی امیدوار مدمقابل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات: ووٹنگ کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کی رجسٹریشن میں توسیع

ای سی پی کے مطابق تینوں حلقوں میں انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے اور رات 12 بجے کے بعد انتخابی مہم کا وقت ختم ہوجائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن رولز کے خلاف ورزی کرنے والوں کو 2 سال قید ایک لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے ایک قومی اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے سہولت سینیٹر قائم کر دیا۔

مزیدپڑھیں: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کا حق تسلیم

سہولت سینٹر 21 اکتوبر کو صبح 8 سے شام 6 بجے تک کام کرے گا۔

سہولت سینٹر سے متعلق بتایا گیا کہ متعلقہ حلقوں کے شہری شام 6 بجے کے بعد نتائج کے حوالے سے بھی تفصیلات حاصل کر سکیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں