شادی کے بعد اکثر افراد موٹے کیوں ہوجاتے ہیں؟

22 اکتوبر 2018
یہ دعویٰ مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں سامنے آیا ہے— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ دعویٰ مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں سامنے آیا ہے— شٹر اسٹاک فوٹو

کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ شادی کے بعد اکثر لوگوں کا جسمانی وزن بڑھنے لگتا ہے اور وہ موٹاپے کا شکار ہوجاتے ہیں؟

اگر ہاں تو اس میں حیران ہونے کی وجہ نہیں کیونکہ کامیاب شادی اور جسمانی وزن میں ممکنہ اضافے میں تعلق موجود ہے۔

یہ دعویٰ مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں سامنے آیا ہے۔

امریکا کی نارتھ کیرولائنا کی ایک تحقیق میں 8 ہزار سے زائد جوڑوں کے جسمانی وزن کا جائزہ لیا گیا اور نتیجہ نکالا کہ شادی شدہ خواتین کا وزن شادی کے اولین 5 سے 6 سال کے دوران اوسطاً 5 کلو تک بڑھ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں : شادی کے لیے بہترین عمر کونسی؟

تحقیق میں بتایا گیا کہ شادی شدہ مردوں کا بھی وزن بڑھتا ہے اور محض 2 سال کے اندر ہی جسمانی وزن میں 5 کلو یا اس سے زائد اضافہ ممکن ہے، مگر ایسا بیوی سے اچھے تعلق سے ہی ممکن ہوتا ہے۔

اسی طرح امریکا کے نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کی ایک تحقیق میں بھی نوبیاہتا جوڑوں اور جسمانی وزن میں اضافے کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا۔

اس تحقیق کے دوران ایسے جوڑوں کا جائزہ 4 سال سے زائد عرصے تک کیا گیا اور معلوم ہوا کہ خوش باش جوڑوں میں جسمانی وزن میں اضافے کا امکان دیگر کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ اچھا ازدواجی تعلق لوگوں کو اپنے جسمانی وزن سے بے پروا کردیتا ہے کیونکہ وہ زندگی سے خوش ہوتے ہیں۔

طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع ایک تحقیق میں یہ دلچسپ انکشاف کیا گیا کہ شادی شدہ جوڑوں میں جسمانی وزن میں اضافہ چھوت کی طرح ایک سے دوسرے میں پھیلتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر شوہر یا بیوی کا وزن بڑھتا ہے تو اس بات کا امکان 37 فیصد بڑھ جاتا ہے کہ اس کے شریک حیات کا وزن بھی بڑھے گا، جس کی وجہ جوڑوں کی عادات یکساں ہونا ہے۔

آسٹریلیا کی کوئنز لینڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جوڑوں میں جسمانی وزن بڑھنے کا امکان تنہا افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے، چاہے ان کا طرز زندگی صحت مند اور غذا صحت بخش ہی کیوں نہ ہو۔

محققین نے اس کی ایک دلچسپ وجہ بھی بتائی ہے اور وہ یہ کہ شادی کے بعد لوگوں کو اپنے شریک حیات کو مزید متاثر کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، لہذا ان کا جسم پھیلنا شروع ہوجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شادی صحت مند اور لمبی زندگی کی ضمانت

تحقیق میں بتایا گیا کہ جب جوڑوں کو لگتا ہے کہ اب انہیں زیادہ خوبصورت نظر آنے کی جرورت نہیں، تو وہ زیادہ کھانے سے گریز نہیں کرتے یا چربی اور چینی سے بھرپور غذا کا زیادہ استعمال کرنے لگتے ہیں، جبکہ جسمانی وزن کنٹرول میں رکھنے کی کوشش نہیں کرتے۔

محققین کا کہنا ہے کہ جسمانی وزن کو معمول پر رکھنے کے طبی فوائد کو پیش نظر رکھ کر لوگ شادی کے بعد بھی موٹاپے کی روک تھام کرسکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں