’کوہلی کبھی کبھی انسان ہی نہیں لگتے‘

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2018
ویرات کوہلی کو تیز ترین 10ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید محض 81رنز درکار ہیں— فائل فوٹو
ویرات کوہلی کو تیز ترین 10ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید محض 81رنز درکار ہیں— فائل فوٹو

مایہ ناز بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوہلی کبھی کبھی تو انسان ہی نہیں لگتے اور ایسا لگتا ہے کہ وہ ہر مرتبہ سنچری بنانے کے لیے ہی میدان میں اترتے ہیں۔

بنگلہ دیشی اوپنر نے کہا کہ کوہلی جس طرح کارکردگی دکھاتے ہیں اس سے کبھی کبھی ایسا لگتا ہے کہ وہ انسان ہی نہیں ہیں، جب وہ بیٹنگ کے لیے میدان میں آتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ ہر مرتبہ سنچری ہی اسکور کریں گے۔

خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے تمیم نے مزید کہاکہ کوہلی جس طرح اپنا خیال رکھتے ہیں اور جس طرح اپنے کھیل پر کام کرتے ہیں وہ ناقابل یقین ہے، وہ اس وقت تینوں فارمیٹ کے بہترین بلے باز ہیں اور وہ ایک ایسے کھلاڑی ہیں جن سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان اس وقت ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں اور انہیں ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 10ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 81رنز درکار ہیں۔

یہ ریکارڈ اس وقت بھارت ہی کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کے نام ہے جنہوں نے 259اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ کوہلی نے اب تک صرف 204اننگز کھیلی ہیں۔

تمیم نے کہا کہ میں نے گزشتہ 12سال میں کرکٹ کھیلنے والے تمام عظیم کھلاڑیوں کو دیکھا ہے، ان سب کی اپنی اپنی خوبی تھی لیکن جس طرح ویرات کوہلی کھیل پرحاوی رہے ہیں، اس طرح کوئی بھی نہیں رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں