اداکارہ نے سشانت سنگھ کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر خاموشی توڑ دی

24 اکتوبر 2018
سنجانا سانگھی نے الزامات پر خاموشی توڑ دی—فوٹو: انسٹاگرام
سنجانا سانگھی نے الزامات پر خاموشی توڑ دی—فوٹو: انسٹاگرام

بھارت میں ان دنوں ‘می ٹو’ مہم جاری ہے، جس کے تحت کئی افراد اپنے ساتھ ہونے والے نازیبا واقعات اور ناانصافیوں کو سامنے لا رہے ہیں۔

جہاں می ٹو مہم کے ذریعے کئی حقیقی واقعے سامنے آئے، وہیں اسی مہم کے تحت کچھ جھوٹے واقعات بھی سامنے آئے، جن سے کئی افراد پریشان دکھائی دیے۔

گزشتہ ہفتے بھارتی میڈیا میں یہ خبریں وائرل ہوئیں کہ نوجوان ہیرو سشانت سنگھ راجپوت نے اپنی آنے والی فلم ‘کزی اینڈ مینی‘ کی اداکارہ سنجانا سانگھی کو ہراساں کیا۔

سامنے آنے والی رپورٹس میں کسی ثبوت کے بغیر قیاس آرائیاں کی گئی تھیں کہ سشانت سنگھ کے رویے پر اداکارہ پریشان ہوگئیں اور انہوں نے اس کی شکایت اپنے والدین سے بھی کی۔

اگرچہ اس پورے واقعے پر خود اداکارہ سنجانا سانگھی نے کوئی بیان نہیں دیا تھا، تاہم پھر بھی بھارتی میڈیا نے ذرائع سے ان خبروں کی تصدیق کی کہ سشانت سنگھ نے ساتھی اداکارہ کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔

الزامات سامنے آنے کے بعد مجبور ہوکر سشانت سنگھ راجپوت نے سنجانا سانگھی کے ساتھ کی گئی بات چیت کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان پر لگے الزامات کو جھوٹا ثابت کرنے کے لیے ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔

سشانت سنگھ نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ٹوئیٹ میں لکھا کہ کوئی انہیں جان بوجھ کر اس سب میں پھسانے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں سنجانا کے ساتھ کی ہوئی اپنی بات چیت کو اس طرح شیئر کرتے ہوئے کافی افسوس ہورہا ہے، لیکن ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں

یہ بھی پڑھیں: خود پر الزام کے بعد اداکارہ سے بات چیت کے اسکرین شاٹس شیئر کیے،اداکار

جو اسکرین شاٹس اداکار نے شیئر کیے انہیں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اور سنجانا دونوں ہی ایک دوسرے کے اچھے دوست ہوں۔ اس کے علاوہ یہ دونوں ایک دوسرے کے کام کی تعریف بھی کرتے نظر آرہے ہیں۔

تاہم اب سنجانا سانگھی نے بھی ان خبروں اور الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے خبروں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سنجانا سانگھی نے اپنی مختصر ٹوئیٹ میں لکھا کہ وہ چھٹیوں پر امریکا گئی ہوئی تھیں، اس لیے جب وہ واپس آئیں تو انہیں جھوٹی خبریں دیکھ کر افسوس ہوا۔

انہوں نے ‘کزی اینڈ مینی‘ کے ساتھ سیٹ پر اپنے ساتھ نازیبا واقعات کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے ساتھ کسی نے کوئی بدتمیزی نہیں کی اور نہ ہی ان کے ساتھ کوئی نامناسب واقعہ پیش آیا۔

خیال رہے کہ ‘کزی اینڈ مینی‘ کو آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا، یہ فلم امریکی ناول نگار کے ناول ’دی فالٹ ان اور اسٹارز‘ پر بنائی جا رہی ہے۔

رومانٹک فلم میں سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ سنجانا سانگھی پہلی بار اہم کردار میں سامنے آئیں گی، انہوں نے کیریئر کا آغاز 2011 کی بلاک بسٹر فلم ‘راک اسٹار’ سے کیا تھا۔

اس فلم کی ہدایات مکیش چھابڑا دے رہے تھے، جن پر 2 خواتین کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کے بعد پروڈکشن کمپنی فاکس اسٹار نے انہیں فلم سے الگ کردیا۔

اب تک اس فلم کے دوسرے ہدایت کار کا اعلان نہیں کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں