کراچی: پولیس کی کارروائی میں 2 غیر ملکی باشندے بازیاب، ایک اغوا کار گرفتار

27 اکتوبر 2018
اغواکاروں سے بازیاب کرائے جانے والے غیر ملکی باشندے — فوٹو: امتیاز علی
اغواکاروں سے بازیاب کرائے جانے والے غیر ملکی باشندے — فوٹو: امتیاز علی

سندھ پولیس کے محکمہ کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے 2 غیر ملکی باشندوں کو بازیاب کرالیا جبکہ ایک ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

سی آئی اے کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ رات 12 بجے سی آئی اے کے ڈی آئی جی محمد امین یوسفزئی کی خصوصی ہدایات پر اینٹی وائلینٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کراچی اور سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کی مشترکہ کارروائی میں 2 غیر ملکی نائجیرین باشندوں کو طارق روڈ سے بحفظات بازیاب کرالیا گیا، انہیں کچھ عرصہ قبل طارق روڈ سے ہی اغوا کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 40 فیصد کمی

کارروائی میں اے وی سی سی کے ایس ایس پی سید پیر محمد شاہ اور سی پی ایل سی کی ٹیم نے تکنیکی مدد کے تحت طارق روڈ پر قائم لبرٹی فلیٹ کے تیسرے فلور پر رات ڈیڑھ بجے کارروائی کے بعد دونوں غیر ملکی باشندوں کو بازیاب کرایا، ان کی شناخت پٹیرک والد کالی اور ڈیوڈ ولد ناکونا کے ناموں سے کی گئی۔

پولیس کے مطابق مغویوں کو زنجیروں سے باندھ کر رکھا گیا تھا، پولیس نے موقع پر موجود ملزم بلال رشید ولد عبدالرشید کو گرفتار کرلیا جس نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ ان کے دیگر ساتھی، جن میں عبدالاحد قندھاری، عادل اور شعیب شام ہیں، غیر ملکی باشندوں کو اغوا کرکے فلیٹ پر لائے تھے۔

ملزم نے پولیس کو مزید بتایا کہ دیگر اغوا کار دن میں مغویوں کی نگرانی کرتے تھے جبکہ رات میں مغویوں کی نگرانی کی ذمہ داری ان کے سپرد تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بازیاب ہونے والے امریکی خاتون کا طالبان پر تشدد کا الزام

پولیس نے گرفتار ملزم سے مغویوں کے موبائل فون اور پاسپورٹ برآمد کرلیے جبکہ ملزمان کے خلاف دفعہ 34/365 کے تحت مقدمہ نمبر 2018/26 سی آی اے، اے وی سی سی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

پولیس دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے زیر حراست ملزم سے تفتیش کررہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں